برطانوی آرمی چیف کا پاک افغان بارڈر کا دورہ

سرحدی حفاظت کیلیے پاک فوج کے اقدامات کو سراہا، نکولس پیٹرک پی ایم اے کاکول بھی گئے

جنرل نکولس نے پاسنگ آؤٹ پریڈکا معائنہ کیا، پاس آوٹ ہونیوالے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کیے۔ فوٹو: آن لائن

ISLAMABAD:
برطانوی فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سرنکولس پیٹرک کارٹر نے آئی جی فرنٹیئر کور میجر جنرل محمد وسیم اشرف کے ہمراہ ہفتے کے روز خیبرایجنسی میں پاک افغان بارڈر پر واقع اگلی چوکیوں کا دورہ کیا اور بارڈر پر لگائی گئی باڑ کا معائنہ کیا۔

جنرل سرنکولس پیٹرک کارٹر نے خیبر ایجنسی میں پاک افغان بارڈر پر دورے کے موقع پر آپریشن خیبرفور میں حاصل ہونے والی کامیابیوں اور سرحد پر لگائی جانے والی باڑ سے متعلق بریفنگ دی گئی، نکولس پیٹرک نے سرحدی حفاظت کیلیے کیے گئے پاک آرمی کے اقدامات کو سراہا، بعدازاں برطانوی جنرل نے تاریخی درہ خیبر کا دورہ کیا اور قبائلی ثقافت کے تاریخی ورثے کا مشاہدہ کیا۔

اس سے قبل سرنکولس پیٹرک کارٹر نے کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ سے کور ہیڈکوارٹرز پشاور میں ملاقات کی، اس موقع پر مہمان جنرل کو آپریشن ردالفساد، بارڈر مینجمنٹ، ٹی ڈی پیز کی واپسی اور فاٹا میں پاک فوج کی جانب سے شروع کیے گئے بحالی اور میگا منصوبوں کے متعلق بریفنگ دی گئی، کور ہیڈکوارٹرز آمد پر نکولس پیٹرک نے یادگار شہدا پر حاضری بھی دی اور پھول چڑھائے، اس موقع پر کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ بھی ان کے ہمراہ تھے۔


علاوہ ازیں برطانوی چیف آف جنرل اسٹاف پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول بھی گئے جہاں وہ پاسنگ آؤٹ پریڈ کے مہمان خصوصی تھے، 136 ویں لانگ کورس، 36 ویں گریجویٹ کورس، 29 ویں ٹیکینکل گریجویٹ کورس اور55 ویں اینٹی گریٹیڈ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں پاس آؤٹ ہونے والوں میں سعودی عرب، فلسطین، ترکمانستان اور لیبیاکے کیڈٹس بھی شامل تھے۔

مہمان خصوصی نے پریڈ کا معائنہ کیا اور اعزازات پانے والے کیڈٹس کو انعامات دیے جبکہ پریڈ سے خطاب بھی کیا، اس موقع پر 136 ویں لانگ کورس کے کمپنی سینئر انڈر آفیسر عبدالحنان مصطفیٰ کو اعزازی شمشیر، 136 ویں لانگ کورس کے کمپنی سینئر انڈرآفیسر محمد اقبال کو صدارتی گولڈ میڈل، 136ویں لانگ کورس کے جنٹل مین کیڈٹ ہدیبرنوفایش، جن کا تعلق ترکمانستان سے ہے کو اوورسیز گولڈ میڈل، 36 ویں گریجویٹ کورس کے جنٹل مین کیڈٹ محمد ارسلان یوسف، 29 ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کے کمپنی جونیئر انڈرآفیسر سعد حامدکو چیف آف آرمی اسٹاف کی چھڑی اور 55 ویں اینٹی گریٹیڈ کورس کے جنٹل میں کیڈٹ تیمور اعظم خان کو کمانڈنٹ کی چھڑی برائے بہترین کیڈٹ کے اعزازات سے نوازا گیا۔

سیلوٹنگ ڈائس پر پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے کمانڈنٹ میجر جنرل جنرل عبداللہ ڈوگر بھی موجود تھے، مسلح افواج کے سینئر و رٹائرڈ افسران اور پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کے اہلخانہ و رشتے داروں کی بڑی تعداد نے بھی پریڈ دیکھی۔

 
Load Next Story