فاسٹ بولر حسن علی نے وقاریونس کا ریکارڈ توڑڈالا

ابوظہبی: قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر حسن علی نے ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 50 وکٹیں لیکر سابق فاسٹ بولر وقار یونس کو پیچھے چھوڑدیا۔

ابوظبی میں سری لنکا کے خلاف تیسرے ون ڈے میں پاکستانی پیسر نے 34 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجتے ہوئے یہ کارنامہ انجام دیا اور انہوں نے 50 وکٹیں کیریئر کے 24 ویں میچ میں مکمل کیں۔ اس کے ساتھ ہی حسن علی نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر وقار یونس کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے، انہوں نے 27 میچز میں 50 وکٹیں حاصل کی تھیں، حسن علی 24 میچز میں یہ کارنامہ انجام دیتے ہوئے آسٹریلین لیجنڈ ڈینس للی کے ہم پلہ بھی ہو گئے ہیں۔

دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شعیب اختر نے کہا کہ حسن علی نے  زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

واضح رہے کہ تیز ترین 50 وکٹیں لینے کا اعزاز سری لنکن اسپنر اجانتھا مینڈس کے پاس ہے جنہوں نے 19 میچوں میں یہ کارنامہ انجام دیا جب کہ بھارتی پیسر اجیت اگارکر اور نیوزی لینڈ کے مچل میکلانگھن نے 23، 23 میچز میں یہ ہدف عبور کیا ہے۔