پی ایف یوجے صحافیوں کے قتل کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھائیگی

کے یوجے کے تحت مظاہرے سے امین یوسف، جی ایم جمالی، فہیم صدیقی اور دیگرکا خطاب

صحافیوں کے قاتلوں کی گرفتاری کیلیے کے یو جے کے تحت مظاہرے سے جی ایم جمالی خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی یونین آف جرنلسٹس کے تحت میرانشاہ میں صحافی ممتاز ملک کے قتل اور کراچی میں اے پی پی کے چیف رپورٹر خوشنودعلی شیخ کی ٹریفک حادثے میں پراسرار ہلاکت کے خلاف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر جی ایم جمالی نے کہا کہ یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ10 سال کے دوران97صحافیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا مگر سابق اور موجودہ حکومت کسی قاتل کو گرفتار نہ کرسکی نہ ہی جاں بحق صحافیوں کے لواحقین کو مالی امداد ملی، انھوں نے کہا کہ ہم ملک ممتاز کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ قاتلوںکو فوری گرفتار کیا جائے۔

جبکہ خوشنود علی شیخ کی ہلاکت کی ذمے داری وفاقی وزیر داخلہ پر عائد ہوتی ہے کیونکہ انھوں نے خوشنود شیخ کو ملنے والی دھمکیوں سے آگاہ ہونے کے باوجود کوئی ایکشن نہیں لیا اور خوشنود شیخ کی پراسرار انداز میں ہلاکت ہوئی، جی ایم جمالی نے چیف جسٹس سے مطالبہ کہ وہ صحافیوں کی ہلاکتوں اور ان کو ملنے والی دھمکیوں کا فوری نوٹس لیں، کے یوجے کے جنرل سیکریٹری فہیم صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحافیوں کو مسلسل نشانہ بنایا جارہا ہے اور صحافی تنظیمیں انصاف کیلیے ہر دروازہ کھٹکھٹا رہی ہیں مگر ان کی کوئی شنوائی نہیں ہورہی ہے، انھوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ صحافی برادری اپنے حقوق اور تحفظ کے لیے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوجائے۔




انھوں نے کہا کہ ملک ممتاز اور خوشنود علی شیخ کی شہادت سے ہمیں خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا ہم عوام کو سچ سے آگاہ کرتے رہیں گے، مظاہرے سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سیکریٹری جنرل امین یوسف نے خطاب کرتے ہوئے ملک ممتاز کے قتل اور خوشنود شیخ کی ہلاکت پر الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پی ایف یوجے نے پاکستان میں صحافیوں کے مسلسل قتل کے واقعات کو اب عالمی سطح پر بھی اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس کا وفد بھی پاکستان آرہا ہے جس میں انھیں تفصیل سے بریفنگ دی جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ ہم ان شہادتوں پر اور صحافیوں سے ہونے والی زیادتیوں پر اب خاموش نہیں بیٹھیں گے،اس سے قبل مظاہرے سے پی ایف یوجے کے سابق سیکریٹری جنرل مظہر عباس اور کے یوجے کے سابق جنرل سیکریٹری حسن عباس نے بھی خطاب کیا اور ان واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ قاتلوں کی گرفتاری کو یقینی بنائے اور مقتول صحافیوں کے لواحقین کو فوری طور پر مالی امداد فراہم کی جائے۔
Load Next Story