بے ڈھنگا احتساب ہو رہا ہے ن لیگ

نوازشریف نے ہمیشہ آئین وقانون کی پاسداری کی، حسن نواز اور حسین نواز پر پاکستان کا قانون لاگو نہیں ہوتا، مریم اورنگزیب

عمران اناڑی ہیں،آرام کی ضرورت ہے،دانیال۔ فوٹو : فائل

JERUSALEM:
ن لیگ کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ نوازشریف اوران کے بچوں کے خلاف بے ڈھنگا احتساب ہورہا ہے۔

گزشتہ روز احتساب عدالت کے باہرمیڈیا سے گفتگومیں وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے اہلیہ کی علالت کے باعث استثنیٰ مانگا، ن لیگ اور نواز شریف نے ہمیشہ آئین وقانون کی پاسداری کی ہے اور انھوں نے ہمیشہ قانون کے مطابق کام کیا، انھیں ملک کی معیشت عزیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کے بچے بھی عدالتوں میں پیش ہورہے ہیں۔ حسن نوازاور حسین نوازپر پاکستان کا قانون لاگو نہیں ہوتا۔


ن لیگی رہنما دانیال عزیز نے کہا کہ ہمارے رہنما اور ہم ہمیشہ عدالتوں میں پیش ہوئے،عمران خان سیاست میں اناڑی ہیں، انھیں آرام کی ضرورت ہے فرد جرم عائدہونے کے بعد نیب ٹیم کون سے ثبوت تلاش کرنے کیلیے لندن گئی۔

وزیرمملکت طلال چوہدری نے کہاکہ نوازشریف کے خلاف بے ڈھنگا احتساب ہورہا ہے اسے ڈھنگ سے کرلیاجائے، یہ کس بات کا احتساب ہورہا ہے، کیا پاکستان کو اندھیروں سے نکالنے اور سی پیک یہاں لانے کا احتساب ہورہاہے۔ آمریت کے دور میں بھی عبوری ریفرنس پر فرد جرم نہیں عائد کی گئی۔ فرد جرم عائد کرنے میں بھی اسی طرح عجلت دکھائی جارہی ہے۔ جس طرح نوازشریف کو نااہل کرنے میں دکھائی گئی۔

ادھر وزیرمملکت عابد شیرعلی نے کہا کہ نواز شریف اپنی اہلیہ کی علالت کے باعث باہرہیں، ہمارے قائدین نہ کبھی روپوش ہوئے نہ کمر درد کا بہانہ بناکر بھاگے۔ ہمارے لیڈر ہمیشہ عدالتوں میں پیش ہوئے۔ فیصلوں پر دنیا بھر میں اعتراض ہوتاہے،کرپشن اور لوٹ مار کا الزام ہم پر ثابت نہیں ہوا،اسحاق ڈار نے ملک کی بہتری کیلیے کام کیا، جو بہتری کیلیے کام کرتے ہیں انھیں عدالتوں کے چکر لگوائے جاتے ہیں،لوٹ مارکرنے والوں کو ملک سے باہر بھجوا دیا جاتا ہے۔
Load Next Story