صوبوں کے کوٹے پر سختی سے عمل کیا جائے گا چیئرمین نیب

ترقی اور تعیناتی کے لیے کوئی دباؤ اور سفارش  برداشت نہیں کروں گا، جسٹس (ر)جاوید اقبال

نا اہل اور بدعنوان افسران /اہلکاروں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی، خطاب۔ فوٹو: فائل

چیئرمین قومی احتساب بیورو جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے، صوبوں کے کوٹے پر سختی سے عمل کیا جائے گا اور کسی صوبے سے نا انصافی نہیں ہوگی۔


نیب کے شعبہ ہیومن ریسورس (ایچ آر ایم) کی کارکردگی کا نیب ہیڈ کوارٹرز میں جائزہ لیتے ہوئے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ نا اہل اور بدعنوان افسران /اہلکاروں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی، محنتی، دیانتدار، قابل اور فرض شناس افسروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے افسران/اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت کوئی افسر/اہلکار قانون سے بالاتر نہیں۔ نیب میں روٹیشن کی پالیسی، ترقی اور تعیناتی کے لیے کوئی دباؤ اور سفارش برداشت نہیں کروںگا، نیب میں ٹیم ورک کو فروغ دوں گا۔

چیئرمین نیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نئے جذبے، توانائی، محنت، لگن، دل جمعی، میرٹ، شفافیت اور قانون کے مطابق اپنے فرائض انجام دیں۔ کسی آفیسر/اہلکار کی ترقی بلا جواز نہیں روکی جائے گی، کوئی نا انصافی نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ساری عمر قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے فرائض انجام دیے، میں آپ سے بھی یہ توقع رکھتا ہوں کہ آپ اپنے فرائض منصبی انتہائی ایمانداری، دیانتداری اور قانون کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انجام دیں گے۔
Load Next Story