سرفراز احمد دنیا کے بہترین بولنگ اٹیک کی موجودگی پر شاداں

حسن کی بولنگ میں نکھار آنے لگا،شاداب ودیگربھی اچھا پرفارم کررہے ہیں، کپتان

ان کامیابیوں میں بولرز کا اہم کردار ہے جسے کپتان سرفراز احمد بھی تسلیم کرتے ہیں۔ فوٹو:فائل

کپتان سرفراز احمد نے پاکستانی بولنگ کو دنیا کا بہترین اٹیک قرار دے دیا۔

سرفراز احمد نے کہاکہ آپ ہماری بولنگ کو دنیا کا بہترین اٹیک قرار دے سکتے ہیں، چیمپئنز ٹرافی سے ہمارے بولرز بہت ہی اچھا پرفارم کررہے ہیں، وہ ٹیموں کو 230، 240 پر آؤٹ کرتے اور ہم ہدف حاصل کرلیتے ہیں، ہمیں لازمی طور پر بولرز کو سراہنا چاہیے خاص طور پر حسن علی جن کی بولنگ میں مسلسل نکھار آرہا ہے، وہ اب دنیا کے نمبر ون بولر بن چکے، میری دعا ہے کہ حسن اسی طرح آگے بڑھتے اور ہمیں فتوحات دلاتے رہیں، اسی طرح شاداب خان بہت اچھا پرفارم کررہے ہیں، عثمان خان، فہیم اشرف، رومان رئیس اور جنید خان بھی ہمارے پاس ہیں جس سے ہمارا اٹیک مضبوط ہوتا ہے۔


کپتان نے حسن علی کے بارے میں مزید کہاکہ وہ ایک جارح مزاج بولر اور وکٹیں لینے کی کوشش کرتے ہیں۔ انھوں نے ٹیم کو متوازن قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں اس کا کریڈٹ سلیکٹرز کو دینا چاہوں گا جنھوں نے اس سیریز کیلیے بہترین پلیئرز کا انتخاب کیا، ہمارا کام صرف یہ ہے کہ جو بھی منتخب ہو اسے اعتماد دیں،اس سے کہیں کہ جس طرح وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارم کرتے رہے ہیں ویسا ہی کھیلیں، اچھی بات یہ ہے کہ سب ہی اعتماد کے ساتھ کھیل رہے ہیں جس سے اچھا اثر پڑتا ہے، جہاں تک سینئرز کا تعلق ہے وہ بھی اپنا کردار نبھا رہے ہیں، ہمارے پاس ون ڈے ٹیم میں 2 سینئرز موجود جو نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتے رہتے ہیں۔

واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے ابتدائی میچ میں بھارت سے شکست بعد گرین شرٹس نے کسی ٹیم کو بھی اپنے مدمقابل نہیں ٹھہرنے دیا، اس دوران جنوبی افریقہ، انگلینڈ، بھارت اور سری لنکا سب کو ہی زیر کیا ہے، حالیہ سیریز میں پاکستان نے مسلسل چار ون ڈے میچز جیت لیے، ان کامیابیوں میں بولرز کا اہم کردار ہے جسے کپتان سرفراز احمد بھی تسلیم کرتے ہیں۔

 
Load Next Story