آرمی ایتھلیٹکس شمشاد کا ڈسکس تھرو میں نیا ریکارڈ

5 ہزار ریس میں نائیک اسرار کامیاب، ہیمرتھرو میں شکیل نے بازی مارلی۔

5 ہزار ریس میں نائیک اسرار کامیاب، ہیمرتھرو میں شکیل نے بازی مارلی۔ فوٹو: فائل

آرمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے ڈسکس تھرو ایونٹ میں نائیک شمشاد احمد نے اپ سیٹ کرتے ہوئے نئے ریکارڈ کے ساتھ سیف گیمز کے گولڈ میڈلسٹ حوالدار بشارت علی پر برتری ثابت کردی،ہیمر تھرو میں شکیل نے اعزاز حاصل کیا۔

5 ہزار میٹر ریس میں نائیک اسرار احمد نے میدان مارلیا،لانگ جمپ میں سپاہی ریاض فاتح ،ہائی جمپ میں حوالدار انور علی سر فہرست رہے، 4x100 میٹر ریلے میں راولپنڈی زون سب سے آگے نکل گیا۔ تفصیلات کے مطابق آرمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے چوتھے روز مختلف ایونٹ شائقین کی بھرپور دلچسپی کا مرکز بنے۔

لاہور گیریژن میں جاری مقابلوں سب سے بڑا اپ سیٹ گزشتہ روز دیکھنے میں آیا، نائیک شمشاد احمد نے ڈسکس تھرو میں 51.68 فاصلے کے ساتھ نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے سیف گیمز کے گولڈ میڈلسٹ حوالدار بشارت علی پر برتری ثابت کردی۔ جنوبی ایشائی کھیلوں میں ہی طلائی تمغہ حاصل کرنے والے ایک اور ایتھلیٹ شکیل نے توقعات کے مطابق پرفارم کرتے ہوئے 62.90 میٹر ہیمر تھرو کے ساتھ نیا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا،گوجرانوالہ زون کے نائیک شاہد حمید دوسری، کوئٹہ کے حوالدار غلام شبیر تیسری پوزیشن پر رہے۔




5 ہزار میٹر ریس میں سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا،بہاولپور زون کے نائیک اسرار نے 15.41 منٹ میں ہدف تک رسائی حاصل کرتے ہوئے حریفوں کو پچھاڑا، .01 کے فرق سے گوجرانولہ زون کے سپاہی دوسرے اور .05 زیادہ وقت صرف کرنے والے اسی زون کے لانس نائیک سمیع تیسرے نمبر پر رہے۔

کوئٹہ زون کے سپاہی ریاض نے 7.02 میٹر لانگ جمپ کے ساتھ پہلی پوزیشن پر قبضہ جمایا، بہاولپور زون کے شہزاد 6.85 رنرز اپ اور ملتان زون کے نائیک شاہد6.84 میٹر چھلانگ لگاکر تیسرے نمبر پر رہے۔ حوالدار انور علی 1.95 ہائی جمپ لگا کر سر فہرست رہے، سپاہی عتیق 1.83 کے ساتھ دوسری پوزیشن کے مالک بنے۔4x100 میٹر ریلے میں راولپنڈی زون نے 42.20 سیکنڈز کے ساتھ ریکارڈ برابر کیا، منگلہ زون رنرز اپ رہا۔
Load Next Story