فاٹا خیبر پختونخوا میں ضم ہو کر رہے گا اسفند یار ولی

کوئی خوش ہو یا ناراض، سب سن لیں، فاٹا کے بعد ہم شمالی اور جنوبی پشتونخوا کو ایک کریں گے، سربراہ اے این پی

کوئی خوش ہو یا ناراض، سب سن لیں، فاٹا کے بعد ہم شمالی اور جنوبی پشتونخوا کو ایک کریں گے، سربراہ اے این پی۔ فوٹو: فائل

عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی خان نے اعلان کیا ہے کہ فاٹا کے خیبر پختونخوا میں ضم ہو کر رہے گا۔

گزشتہ روز تاج لالہ گراؤنڈ پشین میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اسفند یار ولی خان نے اعلان کیا ہے کہ کوئی خوش ہو یا ناراض، سب سن لیں، فاٹاکے خیبر پختونخوا میں انضمام کے بعد ہم شمالی اور جنوبی پشتونخوا کو ایک کر کے ملک میں پشتونوں کی ایک ایسی وحدت بنائیں گے جس کے سامنے پھر پنجاب کی ایک نہیں چل سکے گی۔


سربراہ اے این پی نے کہا کہ ہم نے 2008 میں زرداری کیساتھ اتحاد کیا تو ہم سرزمین اور صوبوں کیلیے بہت کچھ لیکر آئے، نواز شریف کے اتحادی بتائیں کہ انھوں نے اتحادیوں سے کیا حاصل کیا، افغانستان اور پاکستان میں قیام امن کا ایک دوسرے سے گہرا تعلق ہے میں افغان تھا، افغان ہوں اور افغان رہوں گا، انہوں نے کہا کہ افغانستان میں جب تک امن نہیں آئے گا کوئی طاقت یہاں امن نہیں لاسکتی، چین کو سہولت کار کی بجائے ضامن کی حیثیت سے آگے آنا ہوگا۔

اسفند یار ولی خان نے کہا کہ سی پیک کے آغاز پر میں نے یہ سوال اٹھایا کہ یہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور ہے یا پھر چائنہ پنجاب اکنامک کوریڈور ہے کیا۔ اس میں پشتونوں کاکوئی حصہ نہیں ، میرے ساتھ وعدہ کیا گیا مگر بعد میں نوازشریف اس سے مکر گئے اور اسکا انجام بھی سب نے دیکھ لیا، فاٹا کے انضمام کا فیصلہ وفاقی حکومت کا ہے اگر یہ امریکاکا ایجنڈا ہے تو مولانا صاحب اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت سے علیحدگی کیوں اختیار نہیں کرتے جو امریکی ایجنڈے پر چلتی ہو۔
Load Next Story