قومی ٹیم میں واپسی کیلیے پُراعتماد ہوں فیصل اقبال

کھلائے بغیر اسکواڈ سے ڈراپ کیاگیا، میرا پہلا حق ہے،انصاف ضرور ملے گا، بیٹسمین

کھلائے بغیر اسکواڈ سے ڈراپ کیاگیا، میرا پہلا حق ہے،انصاف ضرور ملے گا، بیٹسمین۔ فوٹو: فائل

قائداعظم ٹرافی میں کراچی کی نمائندگی کرتے ہوئے فاٹا کیخلاف سنچری جڑنے والے ٹیسٹ بیٹسمین فیصل اقبال نے قومی ٹیم میں واپسی کے لیے پر اعتماد ہونے کا اظہارکردیا۔


فیصل اقبال کا کہنا ہے کہ میں ہمیشہ مثبت سوچ کے ساتھ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کرتا رہاہوں، کھیلے بغیر قومی اسکواڈ سے ڈراپ کیا گیا، میرا پہلا حق ہے، امید ہے کہ میرے ساتھ انصاف ہوگا، اپنے دورکے عظیم بیٹسمین اورسابق ٹیسٹ کپتان جاوید میانداد کا بھانجا ہونے کے سبب مسائل میں گھرے رہنے والے ٹیسٹ بیٹسمین فیصل اقبال نے سنچری اسکورکرنے کے بعد نیشنل اسٹیڈیم میں نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری سوچ ہمیشہ مثبت رہی اورآئندہ بھی مثبت رہے گی، میں تسلسل کے ساتھ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہا ہوں، میں نے فٹنس کو بھی کافی بہتربنالیا ہے، جب تک کرکٹ کھیل رہا ہوں اسی طرح رنزبنانے کے لیے کوشاں رہوں گا اورقومی ٹیم میں واپس آنے کے لیے بھر پور جدوجہدکرتا رہوں گا۔


ٹیسٹ بیٹسمین نے کہا کہ مجھے قومی سلیکٹرز نے گراؤنڈ میں پہنچ کرکھیلتے ہوئے دیکھا، میری کارگزاری سامنے ہے، میں نے مشکل وکٹوں پر بہترین پرفارمنس پیش کی ہے، میرے اعداد و شمار سب کے سامنے ہیں، ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ مجھے کھلائے بغیر ہی پاکستان ٹیم سے ڈراپ کیا گیا، انہوں نے کہا کہ مستحق کھلاڑی اپنی باری کا انتظارکررہے ہیں، میرا پہلا حق ہے، قوی امید ہے کہ مجھے انصاف ملے گا، اس حوالے سے بہت پرامید اورتوقعات ہیں، مجھے پاکستان کرکٹ ٹیم میں واپس آنے کا موقع ملا تو قوم کو مایوس نہیں کروں گا۔

 
Load Next Story