ٹینس سے محبت ہے اسے نہیں چھوڑ سکتی ثانیہ مرزا

میں کافی خوش قسمت ہوں کہ 8 برس تک ہائی لیول پر سنگلز اور ڈبلز ایونٹ کھیل پائی، ثانیہ مرزا

میرے لیے سب سے زیادہ اہم صحتمند رہنا ہے، ثانیہ مرزا ۔ فوٹو: اے ایف پی

بھارتی اسٹار ثانیہ مرزا کا کہنا ہے کہ ٹینس سے مجھے محبت ہے، اسے نہیں چھوڑ سکتی۔ ابھی مزید چند برس کھیلنا جاری رکھوں گی، کیریئر کو طول دینے کیلیے سنگلز سے کنارہ کش ہوئی،

ممبئی میں میڈیا سے بات چیت کے دوران ثانیہ مرزا نے کہا کہ اب تک میرے گھٹنے کے تین آپریشن ہوچکے ہیں، اس کے بعد کھیل جاری رکھنا ویسے ہی کافی مشکل ہے، اسی وجہ سے میں نے خود کو صرف ڈبلز تک محدود کیا، میں کافی خوش قسمت ہوں کہ 8 برس تک ہائی لیول پر سنگلز اور ڈبلز ایونٹ کھیل پائی۔


ایک سوال پر ثانیہ مرزا نے کہا کہ میں سنگلز ٹینس کھیلنا پسند کرتی ہوں مگر میرا ارادہ صرف ایک سال میں اپنا ٹینس کیریئر ختم کرنے کا نہیں ہے مجھے اس کھیل سے محبت اور میں مزید چند برس ٹینس کھیلنا جاری رکھنا چاہتی ہوں۔ ثانیہ مرزا نے کہا کہ فٹنس ہر کسی کیلیے ضروری ہے مگر میرے لیے سب سے زیادہ اہم صحتمند رہنا ہے، ایک ٹینس پلیئر ہونے کے ناطے ہم اپنی صحت کی فکر نہیں کرتے بلکہ ایک طرح سے اپنے جسم پر ظلم کرتے ہیں، ہم صرف فٹ رہنے اور انجریز سے بچنے کی کوشش کرتے ہیں ہماری فٹنس کافی مختلف ہوتی ہے۔

اپنے ڈائٹ پلان کے بارے میں ثانیہ مرزا نے کہا کہ اس کا انحصار سیزن اور آف سیزن پر ہوتا ہے، سیزن کے دوران ہم کاربوہائیڈریٹ استعمال کرتے ہیں تاہم بعد میں ہم دیگر پروٹینز بھی لیتے ہیں، میں اس معاملے میں زیادہ شدت پسند نہیں ہوں خود کو فٹ رکھنے پر توجہ دیتی ہوں اور کبھی کبھار کیک وغیرہ بھی کھا لیتی ہوں۔
Load Next Story