سانحہ عباس ٹاؤن 5 لاشوں کی تا حال شناخت نہ ہو سکی

2 افراد کے سر نہیں ہیں، 29 افراد کی لاشیں ایدھی سرد خانے لائی گئیں،19ورثا لے گئے،2میتوں کو افغانستان لے جایا گیا

فوٹو : اے ایف پی

سانحہ عباس ٹاؤن میں جاں بحق ہونے والوں میں سے 5 لاشوں کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔

واقعے میں ہلاک ہونے والوں میں سے29 افراد کی لاشیں ایدھی سرد خانے لائی گئیں جن میں سے 19 میتیں ورثا لے کر روانہ ہوگئے ، ان میں 7 ملک کے دیگر شہروں اور2میتوں کو افغانستان لے جایا گیا جبکہ 5 میتیں ورثا نے شناخت کے بعد رکھوادی ہیں، میتیں کراچی کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں اور افغانستان بھی روانہ کی گئی ہیں، تفصیلات کے مطابق اتوار کو ابو الحسن اصفہانی روڈ پر عباس ٹاؤن میں بم دھماکے میں درجنوں افراد ہلاک ہوگئے ، ہلاک ہونے والوں میں سے 5 لاشوں کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے جن میں سے2 افراد کے سر نہیں ہیں۔

جبکہ لاشوں کے اعضا بھی مکمل نہیں ہیں ، اس کے علاوہ شہر میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کے باعث 5 افراد کی میتیں ورثا نے شناخت کے بعد ایدھی سرد خانے میں ہی رکھوادیں جن میں ناظم آباد کی رہائشی 65 سالہ بدر منیر زوجہ زبیر وارثی ، 50 سالہ محمد اکرم ولد محمد بخش ، اقرا سٹی کا رہائشی 65 سالہ غلام محمد سومرو ولد جان محمد ، کورنگی کراسنگ کا رہائشی 35 احباب لغاری ولد محمد اشتیاق اور بہار کالونی لیاری کا رہائشی 48 سالہ نور عالم رضوی ولد قطب عالم رضوی شامل ہیں ، مزید برآں سانحہ عباس ٹاؤن میں جاں بحق ہونے والوں میں سے 7 افراد کی میتیں ملک کے مختلف شہروں جبکہ 2 میتیں افغانستان روانہ کی گئیں۔




18 سالہ محمد غنی ولد نصیر اور 13 سالہ محمد حسین ولد محمد عمر کی میتیں افغانستان روانہ کی گئیں، دونوں رشتے دار تھے ، 50 سالہ ذیشان حسین ولد مشتاق حسین کی میت ورثا خیرپور لے گئے ، 20 سالہ رضوان ولد منظور احمد اور اس کے چھوٹے بھائی 8 سالہ فرحان کی میتیں ملتان پہنچنے پر کہرام مچ گیا ، 40 سالہ عبدالغفار ولد سلطان کی میت ایبٹ آباد ، 25 سالہ محمد امجد ولد محمد اسلام کی میت راجن پور ، 42 سالہ محمد یامین ولد جام سجاول کی میت علی پور جبکہ 23 سالہ ضیا الرحمن ولد حسین بخش کی میت ان کے آبائی علاقے رحیم یار خان بھیجی گئیں ۔

علاوہ ازیں کراچی کے علاقے ملیر کے کے رہائشی 25 سالہ محمد انیس ولد محمد نواز کی میت بھی ورثا ایدھی سرد خانے سے لے گئے ، 35 سالہ امیر احمد ولد اعجاز احمد کی میت فیڈرل بی ایریا ، 17 سالہ سحر سلطانہ ولد محمد صالح کی میت رابعہ فلاورز ، 32 سالہ عبدالستار ولد نصر کی میت گلستان جوہر ، 35 سالہ محمد نواز ولد اللہ وسایا کی میت روبی ولاز ابو الحسن اصفہانی روڈ ، 43 سالہ مبشر احمد ولد نادر بخش کی میت فیڈرل بی ایریا بلاک 19 روانہ کی گئی ۔
Load Next Story