جائیداد کا تنازع ملزمان نے معمر شخص کو تشدد کے بعد جلا دیا

محمد تقی قیمتی جائیدادوں کا مالک اور مکان میں اکیلا رہائش پذیر تھا،پولیس.

فوٹو: فائل

دہلی کالونی میں نامعلوم ملزمان نے تشدد کا نشانہ بنا نے کے بعد معمر شخص کو زندہ جلا دیا۔

تفصیلات کے مطابق فریئر کے علاقے دہلی کالونی میں رہائش پذیر60 سالہ یونس ولد محمد تقی گھر میں آگ لگنے کی وجہ سے جل کر ہلاک ہوگیا، جس کی لاش جناح اسپتال لائی گئی، پولیس کے مطابق متوفی کی چیخیں سن کر اہل محلہ جمع ہوگئے اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی، پولیس کے مطابق یونس مکان میں اکیلا ہی رہائش پذیر تھا۔




جب پولیس گھر میں داخل ہوئی تو مکان کے اندر سامان بکھرا ہوا تھا، ایسا لگتا ہے کہ نامعلوم ملزمان نے مبینہ طور پر یونس کو زندہ جلانے کے بعد واقعے کو ڈکیتی کا رنگ دینے کے لیے سامان پھیلا دیا، پولیس کے مطابق مقتول یونس غیر شادی شدہ اور کئی جائیدادوں کا مالک تھا۔

جس میں دکانیں، فلیٹس اور بلڈنگ شامل ہیں جبکہ مقتول کے قریبی رشتے داروں نے پولیس کو بتایا کہ مقتول کا جائیداد کے حوالے سے کچھ افراد سے تنازع چل رہا تھا تاہم فوری طور پر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ مذکورہ واقعہ اسی تنازعے کا شاخسانہ ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ کچھ افراد کو شامل تفتیش کیا ہے جن سے اس حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہے اور جلد ہی قتل کی واردات کا معمہ حل کرلیا جائے گا۔
Load Next Story