نوبل انعام ملالہ اورکلنٹن 2013کیلیے فیورٹ

اس سال نوبل امن انعام کیلیے ریکارڈ 259 نامزدگیاں ہوئیں

ملالہ اس دوڑ میں شامل امیدواروں میں سب سے موزوں ہے،عمرآڑے آسکتی ہے،ماہرین ۔ فوٹو : فائل

ملالہ یوسفزئی اور سابق امریکی صدر بل کلنٹن کو سال2013 کے امن نوبل انعام کے لیے ریکارڈساز فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سال نوبل امن انعام کے لیے نامزدگیوں کی تعداد 259 ہے۔ اس فہرست میں 209 شخصیات اور 50 ادارے شامل ہیں۔ قواعد کے مطابق 50سال سے اس لسٹ میں درج نام وقت سے پہلے منظرعام پر نہیں لائے جاتے۔ تاہم انعام کے سلسلے میں دنیابھر سے ادیب وشعرا، ارکان پارلیمنٹ، مختلف حکومتیں پروفیسر اور مخصوص عالمی اداروں کے ارکان امیدواروں کی نامزدگی میں حصہ لیتے ہیں اور یہ لوگ اپنے طور پر اس کا اظہار بھی کرسکتے ہیں کہ انھوں نے کس کا نام آگے بھیجا۔




پاکستان سے تعلق رکھنے والی، عالمی شہرت یافتہ15سالہ ملالہ کو ماہرین اس دوڑ میں شامل امیدواروں میں سب سے موزوں قراردے رہے ہیں۔ پرائزآبزرور پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ اوسلو کے سربراہ کرسٹیان برگ ہارپوائکن کا کہنا ہے کہ ملالہ کئی حوالوں سے اس انعام کا استحقاق رکھتی ہے۔ مثلاً لڑکیوں اور خواتین کے حقوق، تعلیم، نوجوانوں کے امور اور انتہا پسندی کے خلاف مزاحمت۔ تاہم نوبل امن انعام کی تاریخ کے ایک ماہر ایٹل سوین کے مطابق اگر اس کے خلاف کچھ جاتا ہے تو وہ اس کی کم عمری ہے۔

وہ اتنا بوجھ برداشت نہیں کرسکتی۔ نوبل انعام یافتگان کا اعلان اکتوبر کے اوائل میں کردیا جائے گا اور حسب روایت انعامات دینے کی تقریب ہوگی۔ اس فہرست میں شامل دیگر ناموں میں میانمر کے صدر تھین سین، قاہرہ کی نواحی بستیوں میں غریبوں کے لیے نمایاں خدمات انجام دے کر مصر کی مدر ٹریسا کا لقب حاصل کرنے والی میگی گابران، عوامی جمہوریہ کانگو میں، آبروریزی کا شکار ہونے والوں کے لیے کلینک کی بنیاد رکھنے والے ڈاکٹر ڈینس شامل ہیں۔
Load Next Story