وفاق سے صوبوں کو7 ماہ میں 6 کھرب 4 ارب 58 کروڑ روپے منتقل

سب سے زیادہ پنجاب 2 کھرب 99 ارب، سندھ کو 1 کھرب 41 ارب 94 کروڑ روپے فراہم۔

خیبر پختونخوا کو 94 ارب 68 کروڑ اور بلوچستان کو 68 ارب 82 کروڑ روپے دیے گئے۔ فوٹو : فائل

وفاقی حکومت نے رواں مالی سال2012-13 کے پہلے 7 ماہ ( جولائی تا جنوری ) کے دوران قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے تحت صوبوں کو 6 کھرب 4 ارب58 کروڑ 60 لاکھ روپے کے فنڈز فراہم کیے ہیں۔

اس ضمن میں وزارت خزانہ کے حکام کے مطابق رواں مالی سال میں یکم جولائی سے 31جنوری 2013 تک این ایف سی ایوارڈ کے تحت سب سے زیادہ فنڈز صوبہ پنجاب کو فراہم کیے گئے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر سندھ، تیسرے پر خیبرپختونخوا اور چوتھے نمبر پر صوبہ بلوچستان کو فنڈز فراہم کیے گئے۔ وزارت خزانہ کے حکام نے بتایا کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت رواں مالی سال کے پہلے 7 ماہ کے دوران صوبہ پنجاب کو 2 کھرب99 ارب 14 کروڑ 20 لاکھ روپے، سندھ کو 1کھرب41 ارب 94 کروڑ روپے، خیبر پختونخوا کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت 94ارب 68 کروڑ 40 لاکھ روپے جبکہ بلوچستان کو 68 ارب 82 کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کیے گئے۔




وزارت خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے اٹھارہویں ترمیم کے بعد صوبوں کو منتقل ہونے والے محکموں کے لیے صوبوں کو 15 ارب 73 کروڑ20 لاکھ روپے فراہم کیے گئے، بلوچستان کو گیس ڈیولپمنٹ سرچارج (جی ڈی ایس)کی مد میں 10 ارب روپے میں سے 6.183 ارب روپے کی ادائیگی کی جا چکی ہے جبکہ آغاز حقوق بلوچستان پیکیج کے تحت اساتذہ کے لیے مختص87 کروڑ میں سے 65 کروڑ 30 لاکھ روپے فراہم کیے جا چکے ہیں۔
Load Next Story