ملزمان نے نذر آتش چھیپا ایمبولینس سے سامان غائب کردیا

عوام جذبات قابو میں رکھیں،چھیپا انسانیت کی خدمت کرنیوالا ادارہ ہے،رمضان چھیپا

رمضان چھیپا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ہمیشہ اپنے جذبات پر قابو رکھیں اور فلاحی اداروں کی ایمبولینسوں اور رضا کاروں کو نقصان نہ پہنچائیں. فوٹو: ایکسپریس

سہراب گوٹھ کے قریب پیر کو ہونے والی ہنگامہ آرائی کے دوران نامعلوم شرپسندوں کی جانب سے نذر آتش کی جانیوالی چھیپا ویلفیئر کی ایمبولینس سے انجن ، وائر لیس سیٹ ، سی این جی سلنڈر ، سی این جی کٹ ، آکسیجن سلنڈر ، فرسٹ ایڈ میڈیکل کٹ ، ایمپلی فائر ، ہوٹر ، ایمرجنسی لائٹس ، سیٹیں ،اسٹریچر ، دروازے اور ٹائر نکالنے کے بعد کٹر کی مدد سے گاڑی کی باڈی اور چادریں کاٹ کر لے گئے۔

چھیپا ویلفیئر کے سربراہ رمضان چھیپا نے ایمبولینس اور رضا کاروں کے ساتھ پیش آنے والے اس بدترین واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھیپا ویلفیئر ایک فلاحی ادارہ ہے اور اس کا کام صرف اور صرف قیمتی انسانی زندگی کو بچانا ہے یہ ادارہ مذہب ، رنگ و نسل ،ذات پات اور سیاست پر یقین نہیں رکھتا،لہٰذا اس کے ساتھ کی جانے والی کارروائی تعجب خیز اور لمحہ فکریہ ہے۔




رمضان چھیپا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ہمیشہ اپنے جذبات پر قابو رکھیں اور فلاحی اداروں کی ایمبولینسوں اور رضا کاروں کو نقصان نہ پہنچائیں ،واضح رہے کہ پیر کو سہراب گوٹھ کے قریب ہنگامہ آرائی کے دوران نامعلوم شرپسندوں نے چھیپا ویلفیئر کی ایمبولینس نمبر CT-3669 کو اس وقت روکا تھا جب وہ ایک شدید زخمی نوجوان کو اسپتال منتقل کرنے کے لیے جا رہی تھی اس موقع پر شرپسندوں نے ایمبولینس کے ڈرائیورکو بھی شدید تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کر دیا تھا۔
Load Next Story