مقبوضہ کمشیر میں بھارتی فوج کی مظاہرین پر فائرنگ سے نوجوان ہلاک

میرواعظ بدستور نظر بند،مقبوضہ کشمیر اسمبلی میںافضل گوروکی پھانسی پرشدید ہنگامہ آرائی، کارروائی معطل

سرینگر میں کشمیری طالبعلم کی شہادت پر احتجاج کے دوران مظاہرین پولیس پر پتھرائو کررہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک کشمیری نوجوان شہید ہوگیا جبکہ مقبوضہ کشمیر کی نام نہاد اسمبلی میں افضل گوروکی پھانسی پر شدید ہنگامہ آرائی ہوئی۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق بارہمولہ میں بھاتی فوج کی مظاہرین پر فائرنگ سے ایک نوجوان شہید ہوگیا، طاہر رسول نامی نوجوان کی ہلاکت کا واقعہ منگل کو بارہ مولہ کے علاقے کاکر حمام میں اس وقت پیش آیا جب عینی شاہدین کے مطابق وہاں سے گزرنے والی فوج کی ایک گاڑی سے مظاہرہ کرنے والے افراد پر فائرنگ کی گئی۔ اس ہلاکت کے بعد بارہ مولہ کے ساتھ ساتھ وادی کے دوسرے قصبوں میں بھی کشیدگی کی تازہ لہر پھیل گئی۔ دریں اثنا کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج کیلیے مقبوضہ کشمیر میں منگل کو دوسرے روز بھی مکمل ہڑتال کی گئی۔




تمام دکانیں اور کاروباری مراکز بند اور سڑکوں پر گاڑیوں کی آمد ورفت معطل رہی۔ قابض انتظامیہ نے میرواعظ اور دیگر حریت رہنمائوں کو مسلسل ان کے گھروں میں نظر بند کر رکھا ہے۔ دوسری طرف نام نہا د اسمبلی کے اسپیکر مبارک گل نے بھارتیہ جنتا پارٹی، جموں اسٹیٹ مورچہ اورپینتھرز پارٹی کے اراکین کی مخا لفت کے باوجود ایوان میں افضل گورو کی پھانسی پر بحث کی اجازت دی جس کے بعد حز ب اختلاف کی جماعت پی ڈی پی، کٹھ پتلی انتظامیہ میں شامل جماعتوں، بھارتیہ جنتا پارٹی اور پینتھرز پارٹی کے اراکین کے درمیان شدید تلخ کلامی اور شور شرابا ہوا اور مجبوراً اسپیکر کو3 بار کارروائی معطل کر نا پڑی۔

پی ڈی پی، سی پی آئی ایم نے افضل گورو کی پھانسی کے خلاف اور ان کے جسد ِ خاکی کی واپسی سے متعلق اپنی تحاریک التوا پر بحث کا مطالبہ کیا اور حیدر آباددکن میں کشمیری طالبعلم کے قتل کا معاملہ بھی اٹھایا۔ نام نہاد اسمبلی کے اراکین نے کٹھ پتلی وزیراعلیٰ کی تقریر کے دوران زبردست ہنگامہ آرائی اور شورشرابا کیا۔ سپیکر کی طرف سے حال ہی میں 2پولیس اہلکاروں کے قتل پر بحث کی اجازت نہ دینے پربھارتیہ جنتا پارٹی ،جموںسٹیٹ مورچہ اور پینتھرز پارٹی کے اراکین نے ایوان سے احتجاجاً واک آئوٹ کیا۔
Load Next Story