سبزی منڈی میں خوفناک آتشزدگی سے سیکڑوں دکانیں تباہ

آگ دوپہرسوا12بجے لگی،تاجروں نے خود بجھانے کی کوشش کی،فائر بریگیڈ 2 گھنٹے تاخیر سے پہنچی.

نیوسبزی منڈی میں لگنے والی آگ سے شعلے بلند ہورہے ہیں،آتشزدگی کے دوران سیکڑوں دکانیں جل گئیں(فوٹوایکسپریس)

نیو سبزی منڈی میں خوفناک آتشزدگی کے باعث سیکڑوں دکانیں اور اس میں موجود پھل، فروٹ اور باردانہ سمیت کروڑوں روپے مالیت کا دیگر سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔

فائر ٹینڈر آگ لگنے کے2 گھنٹے بعد موقع پر پہنچے،آگ کو تیسرے درجے کی آگ قرار دیا گیا، آل کراچی تاجر برادری ایسوسی ایشن کے صدر نے کہا ہے کہ حکومت کو5 دن کی مہلت دیتے ہیں واقعے کی تفتیش کرے اور دکانداروں کا معاوضہ ادا کرے اگر مطالبات نہیں مانے گئے تو غیر معینہ مدت کے لیے منڈی بند کر دیں گے۔



تفصیلات کے مطابق نیو سبزی منڈی میں پر اسرار طور پر آگ بھڑک اٹھی جو دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر گئی ، آگ لگنے کی اطلاع ملنے پر شہر بھر کی فائر بریگیڈ موقع پر پہنچ گئیں ،تاہم فائر بریگیڈ کے موقع پر پہنچنے تک آگ نے تیز ہواؤں کے باعث منڈی کے ایک حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔


ذرائع کے مطابق آگ دوپہر 12 بجکر 25 منٹ پر لگی تھی ابتدا میں تاجر اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کرتے رہے اور 27 واٹر ٹینکروں سے پانی لایا گیا اور آگ بجھانے کی کوشش کی گئی تاہم آگ بے قابو ہونے پر فائر بریگیڈ کو ایک بجے اطلاع دی گئی ۔

تاہم فائر بریگیڈ کا عملہ 3 بجکر 5 منٹ پر موقع پر پہنچا دکانداروں کو مشتعل دیکھ کر فائر مینوں نے بتایا کہ شہر کے حالات خراب تھے ہر جگہ رکاوٹیں کھڑی کی گئیں تھی جس کی وجہ سے پہنچنے میں مشکل پیش آئی ، عبد الرزاق خان نے بتایا کہ فروٹ منڈی میں11 شیڈ ہیں اور ہر شیڈ میں 90 دکانیں ہیں، 11شیڈ کی دکانیں مکمل طور پر جل گئی ہیں جبکہ آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ دکانیں زمین بوس ہوگئیں انہوں نے بتایا کہ دکانوں کی جگہ مکمل میدان بن چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دکانوں میں موجود 20 کروڑ روپے مالیت کا فروٹ ، باردانہ اور دیگر سامان مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگیا آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ کہ دکانوں کا پلاسٹر بھی جل گیا ، رات گئے تک آگ پر مکمل طور پر قابو نہیں پایا گیا تھا، فائر بریگیڈ کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع ایک بجکر 50 منٹ پر ملی تھی اور فوری طور پر فائر ٹینڈر موقع پر روانہ کر دیے گئے تھے رات گئے تک کولنگ کا کام جاری تھا۔

عبد الرزاق نے بتایا کہ ایسوسی ایشن نے فیصلہ کیا ہے کہ حکومت کو 5 دن کی مہلت دیں گے اگر تمام دکانداروں کو معاوضہ نہیں دیا گیا تو منڈی غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیں گے۔
Load Next Story