بلوچستان میں فائرنگ عالم دین سمیت 4افراد جاں بحق

مولانا عبدالخالق کو کوئٹہ میں نشانہ بنایا گیا، چمن میں ایف سی قلعے پر دستی بم حملہ

مولانا عبدالخالق کو کوئٹہ میں نشانہ بنایا گیا، چمن میں ایف سی قلعے پر دستی بم حملہ. فوٹو: فائل

کوئٹہ اور اندرون صوبہ فائرنگ اور سلنڈر دھماکے میں عالم دین سمیت 4افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔

چمن میں ایف سی قلعہ پر دستی بم سے حملے میں کوئی نقصان نہیں ہوا، فرنٹیئرکور نے کوئٹہ اور گوادر میں سرچ آپریشن کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا جبکہ کوئٹہ میں 40کلو وزنی بم ناکارہ بنا دیا گیا۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ میں ٹیکسی سٹینڈ پر نامعلوم افراد نے ایک شوروم پر فائرنگ کر دی جس سے حاجی لقمان جاں بحق اور ہمایوں خان زخمی ہو گیا، مشرقی بائی پاس پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے مولانا عبدالخالق کو قتل کر دیا، گوالمنڈی چوک میں ہوٹل کے باہر فائرنگ سے اسحاق جاں بحق ہو گیا۔




حب میں جام غلام قادرکالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے خدا بخش جاں بحق ہو گیا۔ ادھر چمن میں ایف سی کے قلعہ پر نامعلوم افراد نے دستی بم پھینک دیا جس سے عمارت کے شیشے ٹوٹ گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دریں اثناء پولیس اور ایف سی نے کیچی بیگ کے علاقے میں آپریشن کر کے 5افراد کو گرفتارکر لیا، ایف سی ترجمان کے مطابق فرنٹیر کور بلوچستان نے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر کے 8مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔

ایف سی نے دوران چیکنگ کوئٹہ سریاب روڈ پر رکشہ سے 40کلو وزنی ٹائم بم برآمد کر کے ناکارہ بنا دیا اور رکشے کو تحویل میں لے لیا۔ ژوب میں نادرا آفس سے پانچ مشتبہ افراد جبکہ ڈیرہ بگٹی سے اغواء برائے تاوان، بم دھماکوں سمیت دیگر الزامات کے تحت دو ملزمان نواب الدین اور شاہو بگٹی کو گرفتار کر لیا گیا۔
Load Next Story