سب کی سیاست ختم اب پیپلز پارٹی کی باری ہے نثار کھوڑو
اسٹیبلشمنٹ کو اب اس سے متعلق اپنا موقف واضح کرنا ہوگا، سینئر وزیر۔ فوٹو فائل
گزشتہ روز سندھ کونسل کا اجلاس نثار احمد کھوڑو کی صدارت میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوا۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے 50 ویں یوم تاسیس گولڈن جوبلی کو جوش وخروش سے منانے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کیا صوبے کی تقسیم کا نعرہ بھی کسی کے کہنے پرلگایا جاتا ہے۔
سندھ کونسل کے اجلاس سے خطاب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ پارٹی کی پالیسی ہے کہ حکومت اپنے 5 سال پورے کرے۔ ایم کیو ایم اور پی ایس پی نے یہ اعتراف خود کیا ہے کہ وہ ایجنسیوں کے کہنے پرسیاست کرتے ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ کو اب اس سے متعلق اپنا موقف واضح کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دیگر جماعتیں کتنی بھی جلسیاں کریں، پیپلز پارٹی کا مقابلہ نہیں کرسکتیں۔ سب کی سیاست ختم، اب پیپلز پارٹی کی باری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 5دسمبر کو پیپلز پارٹی کا 50 واں یوم تاسیس بھرپور اور جوش وخروش سے منایا جائے گا۔
ایک اورسوال کے جواب میں نثارکھوڑو نے کہا کہ آصف علی زرداری کو کسی این آر او کی ضرورت نہیں ہے۔ وہ پاکستان میں موجود ہیں اور سیاست کررہے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ 29 نومبر کو پیپلز پارٹی سندھ میں چراغاں کرے گی۔ یوم تاسیس کے موقع پر 5 دسمبر کو اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ میں بڑا جلسہ منعقد کیا جائیگا۔ جلسے سے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خطاب کرینگے جب کہ 27 دسمبر کو بینظیر بھٹو کی 10 ویں برسی منائی جائے گی۔ گڑھی خدا بخش بھٹو میں بڑے جلسے کا انعقاد کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں اجلاس میں ڈیرہ اسماعیل کی کمسن بچی شریفاں بی بی کو انصاف دلانے سمیت متعدد قراردادیں منظور کی گئیں۔