’’جدید مختصر اردو لغت‘‘ کا40 فیصد کام مکمل نئے الفاظ بھی شامل ہونگے

2ہزارصفحات پرمشتمل ہوگی، الفاظ کے حوالہ جات اور مترادفات شامل نہیں

یہ لغت آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی نئی concise dictionary کی طرز پرتیارکی جارہی ہے۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
وفاقی حکومت کے تحت کام کرنے والے ادارے ''اردوڈکشنری بورڈ'' نے اردو لغت کا اختصاریہ ''جدید مختصراردو لغت'' کا 40فیصد کام مکمل کرلیا ہے۔

جبکہ اردوزبان میں شامل ہونے والے نئے اورجدید الفاظ کواس جامع اورمختصرلغت کا حصہ بنالیا گیا ہے ''جدید مختصراردو لغت '' کے نام سے تیار ہونے والی یہ ڈکشنری ''الف'' سے لے کر ''ے'' تک تمام حروف تہجی کی 22جلدوں پرمشتمل گذشتہ اردو لغت کا نچوڑ ہوگی جس کی 10جلدوں پرنظرثانی کا کام مکمل کرکے اسے مسودے کی شکل دے دی گئی ہے جبکہ ابتدائی 6جلدوں کے الفاظ کے نچوڑسے تیارہونے والامسودہ کمپیوٹرکمپوزنگ کے مرحلے سے گزررہا ہے، یہ بات اردوڈکشنری بورڈ کے قائم مقام چیف ایڈیٹرمحمد عارف نے ''ایکسپریس''کو بتائی۔

اس موقع پران کے ہمراہ بورڈ کے اسسٹنٹ ایڈیٹراور لغت نویس عقیل صدیقی بھی موجود تھے، لغت نویس عقیل صدیقی نے 22جلدوں پر مشتمل اردولغت کا اختصاریے ''جدید مختصر اردو لغت''کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یہ لغت آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی نئی concise dictionary کی طرز پرتیارکی جارہی ہے اورہرحروف تہجی سے شروع ہونے والے نئے الفاظ یاان کے ماضی کے مقابلے میں نئے استعمال کولغت کاحصہ بنایاجارہا ہے انھوں نے بتایاکہ ''بھتہ ، پرچی، ٹوپی کرانا ، جگاڑ لگانا'' اوراس جیسے دیگر الفاظ لغت میں معنی اوراستعمال کے ساتھ شامل کیے جارہے ہیں انھوں نے بتایا کہ'' پرچی'' کا لفظ لغت میں پہلے ہی موجودہے تاہم اس کااستعمال سفارش کے معنوں میں ہوتا تھا اب موجودہ دورمیں یہ لفظ بھتہ خوری میں استعمال ہورہا ہے۔




جبکہ لفظ ''بھتہ''پرانی لغت میں موجود نہیں جسے اب شامل کیاجارہا ہے اسی طرح ''ٹوپی'' سرپرپہننے والی چیزکے طورپرشامل تھی جبکہ اب ''ٹوپی کرانے ''کے مرکب کوعصرجدیدکے حوالے سے شامل کیاجارہاہے انھوں نے مزید بتایاکہ 1987میں جب لغت کی چھٹی جلدتیار کی جارہی تھی تواس وقت کے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی جاوید میانداد کی جانب سے آخری بال پرچھکالگانے کے تاریخ ساز واقعے کے بعدلفظ ''چھکا''کولغت میں شامل کیاگیا تھا ۔

قائم مقام چیف ایڈیٹر محمد عارف نے بتایاکہ یہ مختصرلغت جو22 جلدوں پرمشتمل گزشتہ اردو لغت کا نچوڑ ہوگی 2ہزارصفحات پر مشتمل ہوگی جس کی تکمیل میں مزید چند ماہ کا وقت درکارہے تاہم اختصارکے سبب اس لغت میں الفاظ کے حوالہ جات اورمترادفات شامل نہیں کیے جارہے ،واضح رہے کہ اردوڈکشنری بورڈ کے تحت اردولغت کی پہلی جلد 1970میں شائع ہوئی تھی جبکہ 22ویں آخری جلد کے ساتھ مکمل لغت 40برس سے زائد عرصے میں 2010میں مکمل ہوئی۔
Load Next Story