امن وامان کی صورتحال بہتر نہ ہوئی تو پاکستان 2018 تک پولیو سے پاک نہیں ہوسکتا، بل گیٹس

ویب ڈیسک  بدھ 22 جنوری 2014
پولیو کے خاتمے کے لئے پاکستان اور نائیجیریا کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، بانی مائیکرو سافٹ ۔فوٹو:فائل

پولیو کے خاتمے کے لئے پاکستان اور نائیجیریا کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، بانی مائیکرو سافٹ ۔فوٹو:فائل

نیویارک: مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے کہا ہے کہ اگر امن وامان کی صورتحال بہتر نہ ہوئی تو پاکستان 2018 تک پولیو سے پاک ملک نہیں بن سکتا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں بل گیٹس کا کہنا تھا کہ پولیو کے خاتمے کے لئے پاکستان اور نائیجیریا کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، پاکستان میں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر افواہوں نے پولیو مہم کو سخت نقصان پہنچایا ہے، افواہیں پھیلانے اور پولیو کارکنوں پر حملے کرنے والے حق اور انصاف کا ساتھ نہیں دے رہے۔

بل گیٹس کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاسی اور مذہبی رہنما پولیو کے متعلق لوگوں کے خدشات دور کر رہے ہیں۔ انٹرویو کے دوران بل گیٹس نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ 2035 تک دنیا کا کوئی ملک غریب نہیں رہے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔