لارڈ ٹیسٹ، ایشانت شرما نے انگلینڈ کا سرشرم سے جھکا دیا

اے ایف پی / اسپورٹس ڈیسک  منگل 22 جولائی 2014
’’کرکٹ کے گھر‘‘ میں میزبان کوحریف سے28 سال بعد شکست، پیسر نے 7 وکٹیں لے کر95 رنزکی فتح بھارتی جھولی میں ڈال دی۔  فوٹو : فائل

’’کرکٹ کے گھر‘‘ میں میزبان کوحریف سے28 سال بعد شکست، پیسر نے 7 وکٹیں لے کر95 رنزکی فتح بھارتی جھولی میں ڈال دی۔ فوٹو : فائل

لندن: لارڈز ٹیسٹ میں ایشانت شرما کی تباہ کن بولنگ نے بھارت کو 95 رنز سے فتح  دلا دی۔

’’کرکٹ کے گھر‘‘ میں حریف سے28 سال بعد شکست نے انگلینڈ کا سر شرم سے جھکا دیا،یہ3 برس بعد دیار غیر میں دھونی الیون کی پہلی کامیابی ثابت ہوئی،ایشانت74رنز کے عوض7 وکٹیں لے کر میچ کے بہترین پلیئر قرار پائے، انھوں نے باؤنسرز پر کئی وکٹیں حاصل کیں۔تفصیلات کے مطابق فتح کیلیے 319 رنز کا تعاقب کرنے والی انگلش ٹیم آخری روز233 پر ہمت ہارگئی، میزبان نے نامکمل مشن کو 4وکٹ 105رنز سے آگے بڑھایا، پہلے سیشن میں وکٹ پرموجود جوئے روٹ اور معین علی نے بھارتی بولرز کے حربے ناکام بنائے لیکن لنچ سے قبل آخری گیند پر معین،ایشانت کے باؤنسر پر سر بچانے کی کوشش میں کیچ دے بیٹھے، شارٹ لیگ پر موجود چتیشور پجارا نے گیند تھامنے میں کوئی غلطی نہیں کی۔

معین نے147 گیندوں پر 39 رنز بنائے، ان کی روٹ کے ساتھ پانچویں وکٹ کیلیے 101 کی شراکت بنی، کھیل دوبارہ شروع ہوا تو ایشانت نے باؤنسر کے ہتھیار سے انگلش بیٹسمینوں پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھا، وکٹ کیپر میٹ پرائر(12) نے ہک کرنے کی کوشش میں مڈ وکٹ پر مرلی وجے کوکیچ دیا،، بین اسٹوکس کوئی رن نہیں بنا پائے، انھیں بھی ایشانت نے اپنا شکار بنایا، اسٹوکس وائیڈ مڈ آن پر پل شاٹ کھیلتے ہوئے پجارا کے ہاتھوں جکڑے گئے۔

وہ دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہو کر پیئر کی خفت کا شکار ہوئے، جوئے روٹ کی مزاحمت66رنز پر دم توڑ گئی، شرما کی گیند پر ہک کرتے ہوئے وہ بیک ورڈ اسکوائر لیگ پر اسٹورٹ بنی کا کیچ بنے، اسٹورٹ براڈ (8)بھی ایشانت کی اٹھتی ہوئی گیندوں کی تاب نہیں لاسکے، وکٹوں کے عقب میں کیچ مہندرا سنگھ دھونی نے دبوچا، اس وقت انگلش ٹیم 216 رنز پر 9 وکٹیں کھوچکی تھی، میچ کا اختتام رویندرا جڈیجا کے ڈائریکٹ تھرو پر جیمز اینڈرسن کے رن آؤٹ ہونے سے ہوا،وہ 2 رنز بنا سکے، لیام پلنکٹ 7 پر ناٹ آؤٹ رہے، یاد رہے کہ انگلش ٹاپ آرڈر نے چوتھے ہی دن ہتھیارڈال دیے تھے۔

کپتان الیسٹرکک22 اور تجربہ کار ای ین بیل 1 رن کے مہمان ثابت ہوئے، بیل کو ٹیسٹ سنچری بنائے 19 اننگز بیت چکی ہیں، ایشانت شرما نے74رنز کے عوض7 وکٹیں لیں، اس سے قبل ان کی بہترین کارکردگی نیوزی لینڈ کیخلاف 51رنز کے عوض6 وکٹیں تھی، لارڈز میں اب تک17 ٹیسٹ میچز میں بھارتی ٹیم دوسری مرتبہ کامیاب ہوئی، اس سے قبل1986 یہاں ٹیسٹ جیتا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔