سیاسی تعطل پاکستانی معیشت کیلئے خطرہ ہے، صدر ایشیائی بینک

نمائندہ ایکسپریس / اے ایف پی  جمعرات 18 ستمبر 2014
پاکستان میں انتخابات کے ذریعے اقتدار کی خوش اسلوبی سے منتقلی پر بہت خوشی ہوئی، صدر ایشیائی ترقیاتی بینک۔ فوٹو: فائل

پاکستان میں انتخابات کے ذریعے اقتدار کی خوش اسلوبی سے منتقلی پر بہت خوشی ہوئی، صدر ایشیائی ترقیاتی بینک۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدرتاکی ہیکو نکاؤ نے کہا ہے کہ نئی شراکتی حکمت عملی کے تحت آئندہ پانچ سال کے دوران پاکستان کو 5 ارب ڈالر فراہم کریں گے‘ دیامر بھاشا ڈیم کی اہمیت سے آگاہ ہیں‘ سیاسی تعطل پاکستان کی مستحکم معیشت کونقصان  پہنچا سکتا ہے۔

گزشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے وزیرخزانہ اسحق ڈار نے کہا  دیا مر بھاشا ڈیم کی تعمیرکے لیے بھارت سمیت کسی ہمسایہ ملک سے این اوسی لینے کی ضرورت نہیں، اے ایف پی کے مطابق  انہوں نے کہا کہ سیاسی تعطل پاکستان کی مستحکم معیشت کونقصان  پہنچاسکتا ہے، پاکستان میں انتخابات کے ذریعے اقتدار کی خوش اسلوبی سے منتقلی پر بہت خوشی ہوئی تھی لیکن عمران خان نے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگاکر ایک ماہ سے دھرنا دے رکھا ہے جوپاکستان کی مستحکم معیشت کے لیے نقصان دہ ہے۔

غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان آنے سے خوفزدہ ہیں،اگریہ صورتحال مزید جاری رہی تو معیشت کو مزید نقصان ہوسکتا ہے۔ قبل ازیں ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر نے وزیراعظم نواز شریف کیساتھ ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جبکہ200ملین ڈالر قرضہ کے معاہدہ پر پاکستان کیطرف سے سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن سلیم سیٹھی نے دستخط کئے جبکہ پراجیکٹ معاہدے پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے چیئرمین اور اے ڈی بی کیطرف سے کنٹری ڈائریکٹر وارنرر لی پاچ نے معاہدوں پردستخط کئے،جبکہ اے ڈی بی کے صدرکی صدر،وزیر خزانہ،گورنر سٹیٹ بینک و دیگر حکام سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔