پاکستان ویسٹ انڈیز ویمن ٹی20 سیریز کا پہلا میچ آج کھیلا جائے گا

زبیر نذیر خان  جمعـء 26 اپريل 2024
فوٹو: پی سی بی

فوٹو: پی سی بی

  کراچی: پاکستان ویسٹ انڈیز ویمن  ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کا  پہلا میچ جمعہ کو کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیموں کی کپتانوں نے نیشنل بینک اسٹیڈیم پر پانچ میچز پر مشتمل سیریز کے دلچسپ ہونے کی توقع ظاہر کی ہے، جمعرات کی شام ٹرافی کی تقریب رونمائی  منعقد ہوئی، بعدازاں دونوں ٹیموں  نے الگ الگ پریکٹس  سیشن میں اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دی۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ویمن انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی سیریزمیں پانچ میچز 26 اپریل سے 3 مئی تک کھیلے جائیں گے، سیریزکا آغاز26 اپریل سے ہوگا جبکہ دیگرچارمیچز 28، 30 اپریل، 2 اور 3 مئی کوطے ہیں، میچزکا ٹاس شام سات بجے اورکھیل کا آغاز ساڑھے سات بجے ہوگا۔

سابق کپتان بسمہ معروف کی جانب سے اچانک ریٹائرمنٹ کے اعلان سے پاکستان ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے۔ بسمعہ معروف نے فٹنس ٹیسٹ میں کامیابی کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز کے تینوں میچز میں شرکت کی تھی۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان ویمن اسکواڈ ندا ڈار (کپتان)، عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، گل فیروزہ، منیبہ علی (وکٹ کیپر )، نجیہہ علوی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، رامین شمیم، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، طوبہ حسن اور ام ہانی پر مشتمل  ہے۔

15 رکنی مہمان  ٹیم کی قیادت کپتان ہیلی میتھیویزکررہی ہیں، شیمائن کیمبیل نائب کپتان ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عالیہ ایلینے، شمیلا کونیل، ایفے فلیچر،چیری این فریزر، جنیلیا گلاسگو،  شنیل ہنری، زیدہ جیمز، کیانا جوزف، چیڈین نیشن، کرشما  رام ہریک، اسٹیفنی ٹیلر،رشدہ ولیمز اور کیٹ ولموٹ شامل ہیں۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ویمن ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان کا 8 واں اور ویسٹ انڈیز کا چھٹا نمبر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔