ٹی ٹوئنٹی کرکٹ؛ فاٹا چیتاز نے کراچی زیبراز کے چودہ طبق روشن کردیے

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 19 ستمبر 2014
کوئٹہ نے لاڑکانہ کو 10 وکٹ سے ہرا دیا، زبیر کی ناقابل شکست سنچری، سیالکوٹ اسٹالینز نے حیدرآباد کو 8 وکٹ سے قابو کیا۔  فوٹو: ایکسپریس

کوئٹہ نے لاڑکانہ کو 10 وکٹ سے ہرا دیا، زبیر کی ناقابل شکست سنچری، سیالکوٹ اسٹالینز نے حیدرآباد کو 8 وکٹ سے قابو کیا۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی: انٹر ریجن ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے روز فاٹا چیتاز نے کراچی زیبراز کے14طبق روشن کر دیے۔

میزبان ٹیم اہم میچ میں 4 وکٹ کی اپ سیٹ شکست کا شکار ہوئی،کوئٹہ بیئرز نے لاڑکانہ بلز کو10 وکٹ سے ہرا دیا، زبیر خان نے ناقابل شکست سنچری بنائی، سیالکوٹ اسٹالینز نے حیدرآباد ہاکس کو8 وکٹ سے قابو کیا۔ تفصیلات کے مطابق گروپ بی میں اپنا دوسرا میچ کھیلنے والی کراچی زیبراز کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹ پر 139 رنز اسکور کیے، خرم منظور 34 گیندوں پر 33 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے، عدنان نے27 اور شہر یار غنی نے23 رنز بنائے، شاہ زیب خان نے 3 اور آصف آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں فاٹا چیتاز نے 6 وکٹیں گنوا کر 19.4اوورز میں مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا، مین آف دی میچ آصف آفریدی نے بولنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھاتے ہوئے 37گیندوں پر 54 رنز جوڑے، محمد نعیم نے 38 بالز پر 45 رنز بنائے، تابش خان نے 2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، اس سے قبل کھیلے جانے والے میچ میں لاڑکانہ بلز نے 6 وکٹ پر 164 رنز اسکور کیے، اوپنرز احسن علی اور آصف بابر نے116رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، احسن علی نے 48 گیندوں پر 63 جبکہ آصف بابر نے 42 گیندوں پر اتنے ہی رنز اسکور کیے، غلام محمد نے4 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا، جواب میں کوئٹہ بیئرز نے 19اوورز میں بغیر کسی نقصان کے ہدف حاصل کرلیا۔

مین آف دی میچ زبیر خان نے 77 گیندوں پر 15چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 111 رنز اسکور کیے، دوسرے اوپنر کپتان بسم اللہ خان نے 37 گیندوں پر ناقابل شکست52 رنز بنائے۔سیالکوٹ اسٹالینز نے حیدرآباد ہاکس کو8 وکٹ سے شکست دی، ناکام ٹیم نے5 وکٹ پر 164 رنز بنائے، عظیم گھمن نے 74 اور فیصل اطہر نے 40کی اننگز کھیلیں، بلاول بھٹی نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جواب میں فاتح سائیڈ نے ایک اوور قبل 2 وکٹ پر ہدف حاصل کر لیا، شاہد یوسف56اور حارث سہیل 47 پر ناٹ آئوٹ رہے۔

دریں اثنا بدھ کی شب چوتھے میچ میں میزبان کراچی زیبراز نے ملتان ٹائیگرز کو 14رنز سے شکست دی ، فاتح ٹیم نے 5 وکٹ پر 170رنز اسکور کیے، خرم منظور نے 73 گیندوں پر 12چوکوں اور4 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 109رنزبنائے، جواب میں ملتان ٹائیگرز کی ٹیم 7 وکٹ پر 156رنز بناسکی، شاہ زیب احمد نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔