(پاکستان ایک نظر میں) - جو ہوتا ہے اچھا ہوتا ہے!

فہیم پٹیل  پير 20 اکتوبر 2014
یہ ہے کراچی جہاں عوام کے ووٹوں سے منتخب نمائندوں کو عوام سے دور رکھنے کے لیے تو سیکورٹی مل سکتی ہے، مگر اُن لوگوں کو بے سہارا چھوڑدیا جاتا ہے جنہوں نے اپنی پوری زندگی عوامی فلاح کے لیے وقف کردی۔ فوٹو: فائل

یہ ہے کراچی جہاں عوام کے ووٹوں سے منتخب نمائندوں کو عوام سے دور رکھنے کے لیے تو سیکورٹی مل سکتی ہے، مگر اُن لوگوں کو بے سہارا چھوڑدیا جاتا ہے جنہوں نے اپنی پوری زندگی عوامی فلاح کے لیے وقف کردی۔ فوٹو: فائل

کہا جاتا ہے جو ہوتا ہے اچھا ہوتا ہے ۔۔۔۔ ہم نے تو بچپن سے بڑے ہونے تک یہ کلمات تقریباً ہر آدھے گھنٹے بعد سنے ہیں اور اب بھی سنتے ہی رہتے ہیں ۔۔۔ اور زندگی کے اب تک  کے تجربات سے تو یہی ثابت ہوا  ہے کہ یہ کلمات بالکل ٹھیک ہیں۔

گزشتہ ہفتہ دنیا نے ملالہ یوسفزئی کو امن کے نوبل انعام سے نوازا تھا۔ بس وہ وقت ہے اور آج کا دن ہے، پاکستان میں بحث کا وہ آغاز ہوا ہے کہ ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا۔  کچھ لوگوں نے اِس ایوارڈ کو پاکستان کے لیے تاریخی قرار دیا جبکہ بہت سے لوگوں نے کہا کہ جناب آخر اِس لڑکی نے ایسا کیا کیا ہے جو اتنے بڑے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے؟ بات یہاں ختم نہیں ہوئی بلکہ کہا گیا کہ دنیا میں سب سے بڑی ایمبولینس سروس چلانے والے عبدالستار ایدھی کو اِس فہرست میں کبھی کیوں شامل نہیں کیا گیا جن کی پوری زندگی عوام کی فلاح میں گزرگئی۔

کہنے والوں کی بات میں وزن بھی تھا اور دل و دماغ اِس نقطے پر سوچ و بچار میں مصروف عمل بھی تھے مگر! ۔۔۔۔ مگر پھر وہ کچھ ہوا کہ ایک بار پھر اُوپر بیان کیا گیا کلمہ بالکل ٹھیک ثابت ہوگیا کہ جو کچھ ہوتا ہے ٹھیک ہی ہوتا ہے۔کل چونکہ اتوار تھا اور اتوار کا مطلب ہفتے بھر کے کاموں کو نمٹانے کا دن ہوتا ہے۔بس جب صبح کاموں سے فارغ ہونے کے بعد ٹی وی دیکھنے کا ارادہ کیا تو اتفاق سے پہلی ہی نظر بریکنگ نیوز پر پڑی۔ ویسے تو پاکستانی نیوز چینلز پر یہ خاص کرامات ہیں کہ دن کے 24 گھنٹوں میں سے یہ چینلز کوئی 20 گھنٹے بریکنگ نیوز چلاتے ہیں مگر میں نے جو کل خبر دیکھی وہ واقعی بریکنگ نیوز تھی، اور خبر تھی ایدھی سینٹر میں ڈکیتی کی۔

میں ٹی وی دیکھتا رہا اور سوچتا رہا کہ اِس واقع کے بعد اب تو مجھ جیسے عام شہریوں کے پاس رونے اور افسوس کرنے کا آخری حق بھی چھین لیا گیا کہ جب ایدھی جیسا آدمی اگر دن دہاڑے لوٹا جاسکتا ہے تو پھر ہماری آخر کیا حیثیت کے عدم حفاظت کا رونا روئیں۔

جب ایدھی صاحب سے بریکنگ نیوز کے  دوران پوچھا گیا کہ یہ واقعہ کیسے ہوا تو بڑے اطمینان سے کہنے لگے کہ ڈاکووں نے اُن سے بدتمیزی نہیں کی بلکہ جب وہ داخل ہوئے تو اُس وقت میں سورہا تھا۔ ڈاکووں نے مجھے اُٹھایا اور کہا کہ لوکرز کی چابی دے دیں۔ بس میں نے چابی دی اورآدھے گھنٹے کے دوران وہ سینٹر سے 5 کلو سونا اور کروڑوں روپے مالیت کی نقدی لے گئے جس میں بیرونی کرنسی بھی شامل ہے۔

جی ہاں یہ ہے کراچی، یہاں سیکورٹی مل سکتی ہے تو عوام کے ووٹوں سے منتخب نمائندوں کو عوام سے دور رکھنے کے لیے سیکورٹی مل سکتی ہے، سیکورٹی مل سکتی ہے تو  اُن لوگوں کو جو کروڑوں اور اربوں کے مالک ہیں، سیکورٹی مل سکتی ہے تو سیاستدانوں کو اور جاگیردار وں اور وڈیروں  کو اور سیاسی جلسوں کو مگر اگر نہیں مل سکتی تو لوگوں کی خدمت کرنے والے لوگوں کو۔۔۔ جہاں تک میرا خیال ہے کہ حکومت نے شاید اِس لیے ایدھی سینٹر میں سیکورٹی فراہم نہیں کی ہوگی کہ  اِس شہر میں سب ہی ایدھی صاحب کی عزت کرتے ہیں اور جہاں عزت ہوتی ہے کم از کم وہاں تو اِس قسم کا گھٹیا کام نہیں ہوسکتا لیکن شاید یہ ڈاکو حکومت کی سوچ سے بھی زیادہ بدکردار اور بد اخلاق ثابت ہوئے ہیں۔

چلیں جو ہونا تھا وہ تو ہوگیا ، مگر میں تو  اب تک اُن لوگوں کی طرف سے مذمتی بیان کا انتظار کررہا ہوں کہ کچھ دن پہلے تک ایدھی صاحب کو امن کے نوبل انعام دینے کا مطالبہ کررہے تھے  ۔۔۔ مجھے اُمید ہے کہ اُنہیں اپنی غلطی کا احساس ہوگیا ہوگا کہ اگر خدانخواستہ ایدھی صاحب کو یہ ایوارڈ مل جاتا ہے اور کچھ دن بعد اُن کے لٹنے کی خبر آتی اُس پاکستان کی دنیا کے سامنے مزید سبکی ہوتی جو اِس وقت بھی مشکلات اور پریشانیوں کا شکار ہے ۔۔۔۔ اِس لیے ایک بار پھر ثابت ہوگیا کہ جو ہوتا ہے اچھا ہوتا ہے۔

نوٹ: روزنامہ ایکسپریس  اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 800 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر،   مکمل نام، فون نمبر ، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارف  کے ساتھ  [email protected]  پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اورویڈیو لنکس بھی بھیجے جا سکتے ہیں۔

فہیم پٹیل

فہیم پٹیل

آپ ایکسپریس نیوز میں بطور انچارج بلاگ ڈیسک اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔ آپ سے @patelfahim پر رابطہ کیا جاسکتا ہے

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔