سابق امریکی صدر ابراہم لنکن کے سرکے بال سمیت دیگر اشیا لاکھوں ڈالر میں نیلام

ویب ڈیسک  اتوار 25 جنوری 2015
ابراہم لنکن 1861 میں امریکا کے 16 ویں صدر منتخب ہوئے اور انہیں 1865 میں قتل کر دیا گیا تھا فوٹو:فائل

ابراہم لنکن 1861 میں امریکا کے 16 ویں صدر منتخب ہوئے اور انہیں 1865 میں قتل کر دیا گیا تھا فوٹو:فائل

ڈلاس: یہ محاورہ تو آپ نے سنا ہی ہو گا کہ ’زندہ ہاتھی لاکھ کا اور مرا ہوا سوا لاکھ کا‘، یہ مثال پوری اترتی ہے سابق امریکی صدر ابراہم لنکن پر جن کے سر کے بال اور خطوط سمیت یادگار اشیا لاکھوں ڈالر میں نیلام ہوئیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈلاس سے تعلق رکھنے والی ثقافتی ورثہ محفوظ بنانے والی کمپنی کے ترجمان کے مطابق سابق امریکی صدر ابراہم لنکن کی یادگار اشیا کی  نیلامی میں ان کے بالوں کا گچھا سمیت دستخط شدہ خطوط اوردیگر اشیا 8 لاکھ 3 ہزار 889 ڈالر میں نیلام ہوئیں۔ کمپنی کا کہنا تھا کہ ابراہم لنکن کے بالوں کا ایک گچھا جو ان کے قتل کے فوراً بعد سرجن جنرل جوزف کے بارنیس نے حاصل کیا تھا وہ 25 ہزار ڈالر میں نیلام ہوا جب کہ ابراہم لنکن کے قاتل جان ولکس بوتھ کا دستخط شدہ خط بھی 30 ہزار ڈالر میں فروخت ہوا۔ اس کے علاوہ جان ولکس بوتھ کی گرفتاری کا حکم نامہ بھی 21 ہزار 250 ڈالر میں فروخت ہوا۔

ہیریٹیج آکشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ جان ولکس بوتھ کے دستخط شدہ خط کی زیادہ بولی اس لئے لگی کیونکہ جب اس نے ابراہم لنکن کو قتل کیا تھا تو عوام نے اشتعال میں آکر اس سے جڑی ہر چیز کو جلا دیا تھا اور اب 150 سال گزر جانے کے بعد اس کا دستخط شدہ خط ایک نایاب چیز ہے۔

واضح رہے کہ ابراہم لنکن 1861 میں امریکا کے 16 ویں صدر منتخب ہوئے اور انہیں 1865 میں قتل کر دیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔