نیند کے اوقات کھلاڑیوں کی کارکردگی پر اثر انداز ہوتے ہیں، تحقیق

ویب ڈیسک  ہفتہ 31 جنوری 2015
رات کو دیر سے سونے اور دیرسے اٹھنے والوں کی کارگردگی رات 8 بجے اپنے عروج پر ہوتی ہے۔ فوٹو فائل

رات کو دیر سے سونے اور دیرسے اٹھنے والوں کی کارگردگی رات 8 بجے اپنے عروج پر ہوتی ہے۔ فوٹو فائل

لندن: ایک نئی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کھلاڑیوں کے سونے کی عادات کا ان پر بہت زیادہ اثر ہوتا ہے کیونکہ انسان کے اندر موجود ایک قدرتی گھڑی اس کی تمام چیزوں کو کنٹرول کرتی ہے جس کا تعلق اس کی نیند سے بھی ہے اور اس حوالے سے اسپورٹس کی کاردگی زیادہ متاثر ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے۔

برطانیہ میں کی جانی والی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ کھلاڑیوں کے سونے کی عادات کا ان پر بہت زیادہ اثر ہوتا ہے اور ان کے اندر موجود قدرتی گھڑی ان تمام چیزوں کو کنٹرول کرتی ہے، اس حوالے سے تجربے کے لیے محققین نے ہاکی کی 20 خواتین کھلاڑیوں سے 20 میٹر کے فاصلے کو مختلف دورانیوں میں عبور کرنے کے لیے کہا اور ان 20 خواتین کھلاڑیوں نے صبح 7 بجے سے لے کر رات 10 بجے کے دوران 6 مختلف اوقات میں یہ مشق کی اور اس مشق کے نتائج کے مطابق سہ پہر کے وقت ان کھلاڑیوں کی کارکردگی زیادہ بہتر رہی جبکہ سائنس دانوں نے الگ الگ صبح، دوپہر اور شام کے اوقات میں بھی ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جس کے مطابق صبح جلد جاگ جانے والے کھلاڑیوں کی کارگردگی دوپہر 12 بجے، درمیانی اوقات میں اٹھنے والوں کی کارگردگی شام 4 بجے جبکہ رات کو دیر سے  سونے اور دیرسے اٹھنے والوں کی کارگردگی رات 8 بجے اپنے عروج پر ہوتی ہے۔

تحقیق کے سربراہ ڈاکٹر رونالڈ برینڈسٹیٹرکا کہنا تھا کہ اس تحقیق سے ایتھلیٹوں اور کوچوں کو بہت زیادہ فائدہ ہو گا کیونکہ جب آپ کو دوپہر کو مقابلے میں حصہ لیںا ہےتو اپنی نیند کا وقت ایڈجسٹ کرلیں اور رات کو جلد ی سو کر صبح جلدی اٹھ جائیں اس سے کھلاڑی کی کارگردگی کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔

برطانوی خواتین ہاکی کی ممتاز کھلاڑی ایملی  ڈیفورینڈ نے تحقیق کو سراہتے ہوئے کہا یہ تحقیق حقیقت پر مبنی ہے کیونکہ وہ صبح جلدی اٹھنے کی عادی ہیں اور جس روزان کا میچ ساڑھے 12 بجے ہوتا ہے تو وہ بہترین کارگردگی کا مظاہرہ کرتی ہیں جبکہ ایک اور کھلاڑی کا کہنا تھا کہ وہ دیر سے اٹھنے کی عادی ہے اس لیے 12 بجے کے قریب ہونے والے میچوں میں وہ کچھ تھکی ہوئی محسوس کرتی ہیں اس لیے زیادہ بہتر کارگردگی کا مظاہرہ نہیں کرپاتیںتاہم شام میں ہونے والے میچوں میں ان کی کارگردگی بہترین ہوتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔