ہفتے میں ڈھائی گھنٹے سے زیادہ ورزش صحت پر منفی اثرات مرتب کرتی ہے، تحقیق

ویب ڈیسک  منگل 10 فروری 2015
کوپن ہیگن یونیورسٹی کے ماہرین نے 12 سال تک 5ہزار سے زائد افراد کے روز مرہ معمولات کا جائزہ لیا فوٹو: فائل

کوپن ہیگن یونیورسٹی کے ماہرین نے 12 سال تک 5ہزار سے زائد افراد کے روز مرہ معمولات کا جائزہ لیا فوٹو: فائل

کوپن ہیگن: ورزش اور کھیل کے انسانی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں لیکن ماہرین کی تازہ ترین تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ ہر ہفتے ڈھائی گھنٹے سے زیادہ ورزش فائدے کے بجائے نقصان کا باعث بنتی ہے۔

ڈنمارک کی کوپن ہیگن یونیورسٹی سے منسلک ماہرین نے 12 سال تک 5 ہزار سے زائد لوگوں پر تحقیق کی، جن میں ایک ایک ہزار 90 افراد باقاعدہ جوگنگ کرتے تھے جب کہ 3 ہزار 950 افراد نا تو جوگنگ کرتے تھے اور نہ ہی کسی جسمانی کھیل میں حصہ لیتے تھے۔ اس مطالعے کے آغاز پر تحقیق میں شامل یہ تمام افراد صحت مند تھے، سائنسدانوں نے 12 سال تک ان کی صحت کی صورت حال کا مشاہدہ کیا۔

تحقیق کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ بہت زیادہ جوگنگ کرنے والے لوگوں میں شرح اموات جوگنگ نہ کرنے والے افراد کے مساوی ہی تھی۔ اس کے برعکس وہ افراد جو ہر ہفتے ڈھائی گھنٹے یا اس سے کم وقت کے لیے جوگنگ کرتے تھے، ان کی شرح اموات سب سے کم رہی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔