کمشنر کراچی نے گیس شیڈول میں تبدیلیوں کا نوٹس لے لیا

بزنس رپورٹر  ہفتہ 4 جولائی 2015
 گیس کی 48 گھنٹوں کی مسلسل بندش اور شیڈول میں اچانک تبدیلی سے شہری زندگی مفلوج ہو جاتی ہے، شبیرسلیمان جی۔ فوٹو : اے پی پی

گیس کی 48 گھنٹوں کی مسلسل بندش اور شیڈول میں اچانک تبدیلی سے شہری زندگی مفلوج ہو جاتی ہے، شبیرسلیمان جی۔ فوٹو : اے پی پی

 کراچی: کمشنرکراچی شعیب احمد صدیقی نے رمضان میں سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے شیڈول میں تبدیلیوں اورہفتہ وارگیس بندش میں 1 روزکے اضافے کا نوٹس لے لیا۔کمشنرآفس میں آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن سندھ زون اورکراچی ٹرانسپورٹ اتحادکے وفودسے ملاقات کے دوران کمشنر کراچی شعیب احمدصدیقی کوبتایاگیاکہ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے گرمیوں میں بھی گیس پریشر میں کمی کے عذرکے تحت ہفتہ وارشیڈول میں اچانک تبدیلیوں اور 4روزہ گیس بندش سے عوامی مسائل میں اضافہ ہواہے۔

ملاقات کے دوران آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن سندھ زون کے چیئرمین شبیر سلیمان جی نے کہا کہ90 فیصد ٹرانسپورٹ سی این جی کی سہولت سے استفادہ کررہی ہے جبکہ اس شعبے میں اب تک اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہوچکی ہے۔شبیرسلیمان جی نے کمشنرکوبتایاکہ گیس کی 48 گھنٹوں کی مسلسل بندش اور شیڈول میں اچانک تبدیلی سے شہری زندگی مفلوج ہو جاتی ہے۔

جس کے تدارک کے لیے سوئی سدرن گیس کمپنی سے باز پرس کی جائے۔ کراچی ٹرانسپورٹ اتحادکے صدرارشاد بخاری نے کمشنرکوبتایاکہ کراچی کے ٹرانسپورٹرزسی این جی پرانحصار کرتے ہیں،اگر ہفتہ وار4 روز کی گیس بندش کی گئی تو ٹرانسپورٹ کا شعبہ متاثرہوگا۔ کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے 48 گھنٹوں کی گیس بندش کو عوامی مفاد کے منافی قراردیتے ہوئے اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔