سندھ میں گندم کی پیداوار 42 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد رہی وزیر خوراک
کسانوں سے گندم کی خریداری کا عمل جاری ہے، رواں سال 9 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدی جائے گی، جام خان شورو
وزیر خوراک سندھ جام خان شورو کا کہنا ہے کہ سندھ میں کسانوں سے گندم کی خریداری کا عمل جاری ہے، رواں سیزن میں گندم کی پیداوار 42 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد رہی ہے.
جام خان شورو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس بار گندم کی فصل پچھلے کئی برسوں کی نسبت بہتر رہی ہے.صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ محکمہ خوراک رواں سال 9 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی خریداری کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ میں گندم کی سرکاری قیمت چار ہزار روپے فی من مقرر ہے۔ جام خان شورو کا کہنا تھا کہ محکمہ خوراک کے گوداموں میں پہلے سے 5 لاکھ میٹرک ٹن گندم موجود ہے۔
وزیرخوراک نے بتایا کہ محکمہ خوراک اب تک 6 لاکھ 43 ہزار میٹرک ٹن گندم کی خریداری کر چکا ہے.