داعش کا مکمل قلع قمع کرنے میں ابھی وقت لگےگا، اوباما

ویب ڈیسک  منگل 7 جولائی 2015
زمین پر موثر شریک کار کی موجودگی میں داعش کو پسپا کیا جاسکتا ہے، امریکی صدر فوٹو: فائل

زمین پر موثر شریک کار کی موجودگی میں داعش کو پسپا کیا جاسکتا ہے، امریکی صدر فوٹو: فائل

واشنگٹن: امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ اتحادی ملکوں اور امریکی فضائی کارروائیوں کی مدد سے داعش کے شدت پسند گروپ کو خاصا کمزور کیا جا چکا ہے تاہم اس کا مکمل قلع قمع کرنے میں ابھی وقت لگے گا۔

واشنگٹن میں امریکی محکمہ دفاع کے اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے براک اوباما نے کہا کہ داعش نے ڈر، خوف، ظلم اورجبر کے ذریعے عراق اورشام میں دہشت گردی کا بازارگرم کیا ہوا ہے لیکن اب داعش کے خلاف برسرپیکار امریکی اتحاد شام میں اپنی فوجی مہم میں شدت لارہا ہے۔ اتحادی ملکوں کی فضائی کارروائیوں سے داعش کو خاصا کمزور کیا جا چکا ہے تاہم اس کا مکمل قلع قمع کرنے میں ابھی وقت لگے گا.

اوباما کا کہنا تھا کہ ہماری لڑائی اسلام یا مسلمانوں کے خلاف نہیں بلکہ غلط نظریات رکھنے والے گروہ کے ساتھ ہے، داعش کے ہاتھوں دنیا بھر میں ہلاک ہونے والے زیادہ تر لوگ مسلمان ہیں، خطے میں داعش کا کوئی حامی نہیں، اکثر ممالک نا صرف اس کے خلاف اتحاد میں شامل ہیں بلکہ اُسے ختم کرنے کے لئے بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ داعش کو شکست دینے کے لیے امریکہ کو زمین پر ایک موثر شریکِ کار کی ضرورت ہے۔ اس کے لئے امریکا شام میں اضافی فوج روانہ نہیں کرے گا لیکن وہاں کی اعتدال پسند حزب اختلاف کے ساتھ تعاون میں اضافہ کرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔