ہیری آنند نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کردیا

قیصر افتخار  بدھ 5 اگست 2015
 والد اردو پڑھتے اوربولتے ہیں،موقع ملا تونئے جنم کیلیے لاہور یاترا کرونگا،بھارتی گلوکار ۔  فوٹو : فائل

 والد اردو پڑھتے اوربولتے ہیں،موقع ملا تونئے جنم کیلیے لاہور یاترا کرونگا،بھارتی گلوکار ۔ فوٹو : فائل

لاہور: بھارت کے معروف میوزک ارینجر اور گلوکار ہیری آنند نے پاکستان آنے کی خواہش کااظہارکردیا ہے۔

بھارتی گلوکار کا کہنا تھا کہ والد اردو پڑھتے اوربولتے بھی ہیں، اگرموقع ملا توان کے ہمراہ ہی اپنے نئے جنم کے لیے لاہوریاتراکرونگا۔ ان خیالات کااظہار ہیری آنند نے گزشتہ روز ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کے بہت سے گلوکاروں اورفنکاروں سے اکثر بیرون ممالک ملاقات ہوتی رہتی ہے لیکن خاص طورپرپاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکاراستاد راحت فتح علی خاں اورجاویدبشیر کے ساتھ کام کرنے کے بعد مجھ میں پاکستان آنے کی خواہش بڑھنے لگی ہے۔ اس لیے میں نے اپنے کچھ قریبی دوستوں سے باقاعدہ دعوت نامہ بھیجنے کے لیے بھی کہا ہے۔

حالانکہ رواں سال اورآئندہ برس بھی میرے پاس کچھ ایسے پروجیکٹس ہیں جن پر کام ہوتا رہے گا لیکن میری پوری کوشش رہے گی کہ میں اپنے والد کے ساتھ پاکستان ضرورآؤں۔ خاص طورپرلاہورآنا چاہتا ہوں تاکہ میرا جنم ہوسکے۔

مجھے لاہور کے لذیزپکوان کھانے ہیں اورشاپنگ کرنے کے ساتھ ساتھ تاریخی عمارتوں اوردیگرعلاقوں کی سیربھی کرنی ہے ۔ میں نے لاہوراوریہاں کے لوگوں کے بارے میں بہت کچھ سن رکھا ہے مگراب ان سے ملنے کوبہت زیادہ دل چاہتا ہے۔ مجھے امید ہے کہ جب میں لاہورپہنچوں گا تولاہور والے اپنی روایت کوبرقراررکھیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔