پاکستانی رہنماؤں سے ملاقات کا خوف؛ بھارت نے حریت رہنماؤں کو نظر بند کردیا

ویب ڈیسک  جمعرات 20 اگست 2015
پاکستان نے قومی سلامتی مشیروں کی ملاقات میں حریت رہنماؤں کو بھی مدعو کیا تھا۔ فوٹو: فائل

پاکستان نے قومی سلامتی مشیروں کی ملاقات میں حریت رہنماؤں کو بھی مدعو کیا تھا۔ فوٹو: فائل

سری نگر: قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات میں پاکستان کی جانب سے حریت رہنماؤں کو دعوت کے بعد بھارت نے حریت قیادت کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے اور سید علی گیلانی سمیت کئی رہنماوں کو کئی گھنٹے تک نظر بند رکھنے کے بعد رہا کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے پاک بھارت قومی سلامتی کے مشیروں کی 23 اگست کو ہونے والی ملاقات میں شرکت کی دعوت سے قبل ہی بھارتی حکومت نے حریت رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے۔ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر اور سری نگر میں اہم کشمیری رہنماؤں سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق کو گھروں میں نظر بند کردیا جب کہ یاسین ملک کو حراست میں لے لیا گیا تاہم چند گھنٹے نظر بند رکھنے کے بعد تمام رہنماؤں کو رہا کردیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن عبدالباسط نے ایک انٹرویو میں واضح کیا تھا کہ حریت کانفرنس کشمیریوں کی اہم نمائندہ جماعت ہے اور حریت رہنماؤں سے ہمارے رابطے مددگار ثابت ہوتے ہیں، پاکستان نے حریت رہنماؤں سے متعدد ملاقاتیں کی ہیں، پاکستان یہ ملاقاتیں نہیں چھپاتا اور آئندہ بھی ان کو جاری رکھے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔