انوکھی ’’ڈاؤن سائزنگ‘‘،ڈائریکٹرز فارغ مراعات برقرار

سلیم خالق  منگل 6 اکتوبر 2015
ٹیم منیجرزبننے والے انتخاب وذاکرکوسابقہ ماہانہ تنخواہ سوا4لاکھ روپے ہی دینے کا انکشاف  فوٹو: فائل

ٹیم منیجرزبننے والے انتخاب وذاکرکوسابقہ ماہانہ تنخواہ سوا4لاکھ روپے ہی دینے کا انکشاف فوٹو: فائل

 کراچی: پی سی بی میں انوکھی ’’ڈاؤن سائزنگ‘‘ کی ایک منفرد مثال سامنے آ گئی،2 ڈائریکٹرز کو فارغ کرنے کے باوجود تنخواہ و مراعات دینے کا سلسلہ جاری ہے، انتخاب عالم اور ذاکر خان گوکہ اب اپنے دفاتر میں نہیں بیٹھتے مگر انھیں منیجرز کی ذمہ داری سونپ کر پہلے والی ماہانہ تنخواہ سوا 4 لاکھ روپے ہی دینے کا انکشاف ہوا ہے، یہ فیصلہ نئی پوسٹ دینے سے پہلے ہی ہو چکا تھا۔

تفصیلات کے مطابق  پاکستان کرکٹ بورڈ نے گذشتہ دنوں مالی مسائل کے سبب غیرضروری اسٹاف کی کمی کا اعلان کیا تھا، اس کی وجہ  خالی ہوتے خزانے پر بوجھ کم کرنا تھا ، مگر اب ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ اس پالیسی کی زد میں صرف چھوٹے ملازمین ہی آئے ہیں،ذرائع نے نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ گذشتہ دنوں فارغ کیے جانے والے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان اور  ڈائریکٹر ڈومیسٹک انتخاب عالم اب بھی سابقہ ماہانہ تنخواہیں وصول کر رہے ہیں۔

انھیں دیگر مراعات بھی پہلے جیسی ملتی ہیں، البتہ دفاتر واپس لے لیے گئے تھے، انتخاب عالم ان دنوں بطور منیجر قومی ٹیم کیساتھ زمبابوے میں موجود ہیں، انھیں انگلینڈ سے سیریز میں بھی یہی ذمہ داری انجام دینی ہے، البتہ ڈائریکٹر کا عہدہ واپس لیتے وقت ہی سابق کرکٹر کو بتا دیا گیا تھا کہ اس سے ان کی تنخواہ وغیرہ پر کوئی فرق نہیں پڑیگا۔

البتہ  انھیں مشیر بنانے کا فیصلہ ہوا تھا مگر اچانک نوید اکرم چیمہ کوحکومت نے چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمیشن کا عہدہ سونپ دیا تو منیجر کی خالی پوسٹ عارضی طور پر انتخاب  عالم کو مل گئی،اسی طرح ذاکر خان کو انڈر 19ٹیم کا منیجر بنا کر سری لنکا بھیجا گیا ہے، یاد رہے کہ پاکستان میں جونیئرلیول کے انتہائی کم ٹورز ہوتے ہیں، انتخاب کا تقرر بھی عبوری طور پر ہے، اس کے باوجود دونوں ماہانہ تقریباً سوا چار لاکھ روپے اور دیگر مراعات سے لطف اندوز ہوتے رہیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔