روس کے 4 کروز میزائل شام کے بجائے ایران میں گرے، امریکا

ویب ڈیسک  جمعـء 9 اکتوبر 2015
 تمام میزائلوں نے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا تھا،وزارت دفاع:فوٹو:فائل

تمام میزائلوں نے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا تھا،وزارت دفاع:فوٹو:فائل

واشنگٹن: امریکا نے دعوی کیا ہے کہ روس کی جانب سے شام میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ پر حملوں کے لیے داغے گئے میزائلوں میں سے 4 کروز میزائل شام کے بجائے ایران میں گرے۔ 

غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی حکام نے دعوی کیا ہے کہ روس کی جانب سے شام میں جاری شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ  کے خلاف کارروائی میں داغے گئے کروز میزائلوں میں سے 4 شام کے بجائے ایران کی سرزمین پر گرے تھے۔ تاہم روس کی وزارت دفاع کے ترجمان جنرل آئیگور کوناشنکوف نے امریکا کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اُن کا کوئی بھی میزائل ایران نہیں گرا بلکہ تمام کے تمام میزائلوں نے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا۔ روس ایسی کارروائیوں میں نشانہ بننے سے پہلے اور بعد میں بھی ہدف کا پورا جائزہ لیتا ہے۔

روس کی وزارت دفاع کے ترجمان کا کہنا تھا کہ شدت پسند تنظیم داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لیے بحیرۂ کیسپیئن میں موجود جنگی بحری جہازوں سے شام کے شمالی اور شمال مغربی صوبوں میں 11 مقررہ اہداف پر 26 کروز میزائل داغے گئے تھے جس کا مقصد زمینی کارروائی کے لیے شامی فوج کو مدد کرنا تھا۔ دوسری جانب ایران نے امریکی دعوے کو روس کے خلاف امریکا کی نفسیاتی جنگ کا حصہ قرار دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔