پاکستانی کھلاڑیوں کا مایوس کن آغاز

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 7 فروری 2016
19 میں سے صرف ایک ہی گولڈ میڈل ہاتھ لگ سکا، بھارت 14 طلائی تمغوں کے ساتھ سرفہرست، سری لنکا 4پر قابض:فوٹو:فائل

19 میں سے صرف ایک ہی گولڈ میڈل ہاتھ لگ سکا، بھارت 14 طلائی تمغوں کے ساتھ سرفہرست، سری لنکا 4پر قابض:فوٹو:فائل

گوہاٹی: پاکستانی ایتھلیٹس نے ساؤتھ ایشین گیمز کا مایوس کن انداز میں آغاز کیا، مجموعی طور پر19 گولڈ میڈلز کا فیصلہ ہوا جس میں سے پاکستان کے ہاتھ صرف ایک ہی لگ سکا۔ سوئمنگ کے200 میٹر بیک اسٹروک ایونٹ میں لیانا سوان نے پہلی پوزیشن پائی.

تفصیلات کے مطابق ساؤتھ ایشین گیمزکے بیشترمقابلے ہفتے کو شروع ہوئے،اس دوران19 گولڈ میڈلز کا فیصلہ ہوا، جس میں 8سوئمنگ،5 ریسلنگ،4 ویٹ لفٹنگ اور2 سائیکلنگ کے مقابلے تھے۔ سوئمنگ میں میزبان بھارت نے 3، سری لنکا نے 2 اور پاکستان نے ایک سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ پاکستان کی جانب سے لیانا سوان دو سو میٹر بیک اسٹروک ایونٹ میں سرفہرست رہیں۔

انھوں نے مقررہ فاصلہ 2 منٹ 48 سیکنڈز میں طے کیا، سری لنکن سوئمر ناگاویلا ایک سکینڈ کے فرق سے دوسرے نمبر پر آئیں، بنگلہ دیش کی رومانا اختر معمولی فرق سے تیسرے نمبر پر رہیں۔ سوئمنگ میں پاکستان کو ایک برانز میڈل بھی نصیب ہوا۔ 4×100 میٹر فری اسٹائل میں لیانا سوان، کرن خان، بسمہٰ خان اور اریبہ شیخ نے تیسری پوزیشن حاصل کی، بھارت پہلے اور سری لنکا دوسرے نمبر پر رہا۔ ریسلنگ ایونٹ میں ہفتے کو پانچ گولڈ میڈل کا فیصلہ ہوا اور میزبان بھارت نے تمام پر قبضہ جمالیا۔ سری لنکا نے 2 سلور کے ساتھ ایک برانز میڈل جیتا، پاکستان کو صرف دو چاندی کے تمغے ہی نصیب ہوسکے،65 کلو گرام کیٹیگری میں نادر بھارتی راج نیش سے ہار گئے۔

57 کے جی میں بھی نتائج مختلف نہ تھے،محمد بلال کو بھارتی رویندر نے شکست دے دی، بنگلہ دیش نے ایک سلور اور 2کانسی کے تمغے جیتے، افغانستان اور نیپال نے ایک، ایک برانز میڈل پر قبضہ جمایا۔ویٹ لفٹنگ کے مینز اور ویمنز میں گذشتہ روز چار گولڈ میڈل کا فیصلہ ہوا ،بھارت نے تین اپنے نام کیے ایک سری لنکا کو ملا، مضبوط تصور کیے جانے والے پاکستان کے ویٹ لفٹرز نے انتہائی مایوس کن کارکردگی دکھائی اور صرف ایک برانز میڈل ہی مل سکا ، مینز 56 کیٹیگری میں عبدالغفورنے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ گذشتہ روز سائیکلنگ کے دو طلائی تمغوں کا بھی فیصلہ ہوگیا دونوں میں فاتح اور رنرز اپ بھارتی کھلاڑی ہی رہے۔

پاکستان کی صبیحہ بی بی نے ویمنز 30 میٹر انفرادی ٹائم ٹرائل مقابلوں میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ویمنز والی بال ایونٹ میں پاکستانی ٹیم پہلے ہی میچ میں مالدیپ کے ہاتھوں 0-3 سے ناکام رہی۔ اسکواش کے انفرادی مقابلوں میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، مینز ایونٹ میں قومی نمبر ون ناصر خان اور فرحان زمان نے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی، ویمنز میں ماریہ طور اور سعدیہ گل نے بھی فائنل فور میں قدم رکھ دیے۔ آرچری کے مینز اور ویمنز مقابلوں میں قومی کھلاڑی پہلے روز کوئی تاثر نہ چھوڑ سکے اور ابتدائی راؤنڈ میں آخری پوزیشنز پر رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔