امریکی شہری کو 70 سال بعد اپنی کھوئی ہوئی محبت مل گئی

ویب ڈیسک  جمعرات 11 فروری 2016
جب دونوں کی پہلی ملاقات لندن میں ہوئی تواس وقت مورس کی عمر17 سال اور تھامس21 سال کے تھے۔

جب دونوں کی پہلی ملاقات لندن میں ہوئی تواس وقت مورس کی عمر17 سال اور تھامس21 سال کے تھے۔

سڈنی: کہا جاتا ہے کہ جذبے سچے ہوں اور دل میں محبت کو پالینے کا عزم جواں رہے تو منزل مل ہی جاتی ہے ایسا ہی کچھ ہوا ایک امریکی شخص کے ساتھ جس کی دوسری جنگ عظیم کے دوران کھوجانے والی محبت بالآخرآسٹریلیا کے ساحلوں پر مل ہی گئی اور محبت کے مارے جب دونوں ملے تو فرط جذبات میں ایک دوسرے کو گلے لگا لیا۔

امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق نار ووڈ تھامس نامی شخص اور اس کی گرل فرینڈ سالہ جوائس مورس دوسری جنگ عظیم کے دوران بچھڑ گئے تھے اور جب دونوں کی پہلی ملاقات لندن میں ہوئی تواس وقت مورس کی عمر 17 سال اور تھامس 21 سال کے تھے جب کہ ان کی یہ ملاقات بہت ہی مختصر تھی۔ جنگ کےبعد تھامس واپس وطن لوٹ گئے تاہم دونوں کے درمیان خط وکتابت سے رابطہ رہا اور تھاس نے مورس کو شادی کے لیے بھی کہا لیکن شاید مورس اس بات کو سمجھ نہ سکی اور اسے غلط فہمی ہوگئی کہ تھامس کسی اور کو پسند کرنے لگا ہے جس پر دل برداشتہ ہوکر مورس نے خط لکھنا ہی بند کردیئے۔

کچھ عرصہ بعد مورس اور تھامس کسی اور کے جیون ساتھی بن گئے تاہم تھامس کی اہلیہ 2001 میں انتقال کرگئی جب کہ مورس نے 30 سال بعد اپنے شوہر سے طلاق لے لی لیکن دونوں کے دل ایک دوسرے سے جدا نہیں ہوئے تھے سی لیے مورس نے اپنے بیٹے سے کہا کہ وہ تھامس کو آن لائن تلاش کرے اور اسی کوشش میں انہیں تھامس کا ایک آرٹیکل ورجینیا کے اخبار میں مل گیا اور یہیں سے دونوں اسکائپ پر ایک دوسرے سے جڑ گئے۔

اس کہانی کے سوشل میڈیا پر آنے کے بعد لوگوں نے تھامس کے لیے فنڈ بھیجنا شروع کردیا تاکہ وہ آسٹریلیا جا کر مورس سے مل سکے اور کچھ روز بعد وہ یاد گار دن آہی گیا جب تھامس 94 اور مورس 88 سال کی عمر میں ملے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔