آپریشن ضرب عضب کے باعث شدت پسند دباؤ میں ہیں، امریکا

خبر ایجنسیاں  بدھ 30 مارچ 2016
پاکستان نے ایٹمی اثاثوں کی سلامتی کیلیے ذمے دارانہ اور فول پروف اقدامات کیے،پاکستان نیوکلیئر سیکیورٹی سمٹ کا حصہ تھا اور رہیگا، امریکی نائب وزیر ۔ فوٹو؛فائل

پاکستان نے ایٹمی اثاثوں کی سلامتی کیلیے ذمے دارانہ اور فول پروف اقدامات کیے،پاکستان نیوکلیئر سیکیورٹی سمٹ کا حصہ تھا اور رہیگا، امریکی نائب وزیر ۔ فوٹو؛فائل

واشنگٹن:  امریکا نے کہا ہے کہ طالبان اور انتہاپسند تنظیمیں اب بھی پاکستان کیلیے خطرہ ہیں۔ آپریشن ضرب عضب کے باعث شدت پسند دباؤمیں ہیں۔ لاہور میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

حکومت پاکستان اور عوام کیساتھ کھڑے ہیں۔ واشنگٹن میں میڈیا بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے لاہور خودکش حملے میں جاں بحق بچوں سمیت بیگناہ افراد کے لواحقین سے تعزیت کی اور کہا کہ مشکل صورتحال میں امریکا پاکستانی عوام کیساتھ ہے۔ انھوں نے کہا وزیراعظم نوازشریف کے دورہ امریکا کو منسوخ کرنے کا فیصلہ منطقی ہے جس سے ہم بخوبی آگاہ ہیں۔ سانحہ لاہور کے تناظر میں وزیراعظم نوازشریف کا وطن میں رہنے اور دورہ کی منسوخی کا فیصلہ موزوں ہے۔

انھوں نے کہا امریکادہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کیساتھ ہے۔ لاہور خودکش دھماکا دہشت گردوںکے خاتمے کیلیے جاری آپریشن کا ردعمل ہو سکتا ہے۔ دہشت گردی کا خطرہ صرف پاکستان کیلیے نہیں بلکہ پورے خطے پر منڈلا رہا ہے اور کئی لحاظ سے پوری دنیاکیلیے خطرہ ہے۔

عالمی سلامتی اور ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ سے متعلق امریکی نائب وزیر تھامس کنٹری مین نے میڈیا سے گفتگو میں پاکستان کے ایٹمی ہتھیاروں کی سلامتی کے نظام کی تعریف کی ہے اور حفاظتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان نے ایٹمی اثاثوں کی سلامتی کیلیے ذمے دارانہ اور فول پروف اقدامات کئے ہیں۔ پاکستان ابتداسے ہی نیوکلیئرسیکیورٹی سمٹ کا حصہ تھا اور رہے گا۔ پاکستان نے ایٹمی ہتھیاروں کی سیکیورٹی کوسنجیدگی سے لیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔