دنیا کے 10 خوشحال، امیر، صحتمند اور محفوظ ممالک کی فہرست جاری

ویب ڈیسک  اتوار 29 مئ 2016
دنیا کی سپر پاور امریکا ابتدائی 10 ممالک میں جگہ نہیں بنا سکا۔ فوٹو:فائل

دنیا کی سپر پاور امریکا ابتدائی 10 ممالک میں جگہ نہیں بنا سکا۔ فوٹو:فائل

لندن: ہرسال دنیا کے امیر، خوشحال، صحت مند اور محفوظ ترین ممالک کی فہرست جاری کی جاتی ہے۔ اس سال کی فہرست میں ناروے، سوئزرلینڈ اور ڈنمارک بالترتیب پہلے، دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔

لندن میں واقع لیگاٹم انسٹی ٹیوٹ نے ’ عالمی خوشحالی کا اینڈیکس‘ جاری کیا ہے جس میں دنیا کے خوشحال ترین ممالک کی فہرست جاری کی گئی ہے لیکن اس میں صرف دولت کو ہی شامل نہیں کیا گیا ہے۔ انسٹی ٹیوٹ نے 89 عوامل کو کا جائزہ لیا ہے جن میں مواقع، طرزِ حکومت، تعلیم ، صحت، خوشحالی، شخصی آزادی، ملکی سلامتی اور سیکیورٹی کو بھی شامل کیا گیاہے۔

اس فہرست میں پاکستان کا نمبر 130 ہے جو نیچے سے 15ویں نمبر پر ہے جب کہ بھارت کا نمبر 99 ہے۔ مجموعی طور پر اس مطالعے میں 142 ممالک کو شامل کیا گیا ہے۔ اول نمبر پر ناروے شامل ہے۔

1: ناروے

ناروے اسکنڈے نیویائی ممالک کا اہم رکن ہے اور یہ ممالک گزشتہ 7 برس سے عالمی رینکنگ میں ساتویں نمبر پر ہے۔ جبکہ ناروے تمام انڈیکس ( عوامل) کے سرفہرست 10 ممالک میں بھی شامل ہے۔

2: سوئزرلینڈ

پوری دنیا میں گورننس ( اچھی طرزِحکومت) میں سوئزرلینڈ کا پہلا نمبر ہے اور معاشی طور پر یہ دوسرے نمبر پر شامل ہے۔

3: ڈنمارک

اگرچہ اس فہرست میں ڈنمارک کا تیسرا نمبر ہے لیکن مواقع اور انٹرپرینئورشپ میں اس کا دوسرا نمبر ہے۔

4: نیوزی لینڈ

نیوزی لینڈ اس وقت عالمی پناہ گزینوں کو سب سے زیادہ قبول کرنے والا ملک ہے۔ سوشل کپیٹل میں یورپی یونین سے باہر کے ممالک میں اس کا پہلا نمبر ہے۔

5: سویڈن

انٹرپرینئورشپ میں یہ ملک پوری دنیا میں مشہور ہیں اور جان و مال کی حفاظت کے لحاظ سے بھی سویڈن کا معیار اعلیٰ ترین ہے۔

6: کینیڈا

کینیڈا کی 92 فیصد عوام کا خیال ہے کہ ان کا ملک عالمی پناہ گزینوں اور تارکینِ وطن کے لیے ایک بہت اچھی جگہ ہے۔ معیشت اور تعلیم میں کینیڈا کا معیار بہت بلند ہے۔

7: آسٹریلیا

گزشتہ تین برس سے آسٹریلیا کا معیارِ تعلیم تیزی سے بلند ہورہا ہے اور اور اس نے خوشحالی میں اپنی ساتویں پوزیشن برقرار رکھی ہوئی ہے۔

8: ہالینڈ

ہالینڈ معیشت، تعلیم اور سوشل کیپٹل میں تیزی سے ترقی کررہا ہے یہی وجہ ہے کہ یہ آٹھویں پوزیشن پر موجود ہے۔

9: فن لینڈ

شخصی حفاظت اور سیکیورٹی میں فن لینڈ کا تیسرا نمبر ہے اور طرزِ حکومت ( گورننس) میں اس کا پانچواں نمبر ہے۔ لیکن معیشت خراب ہونے کے باعث یہ نویں نمبر پر ہے۔

10: آئرلینڈ

دنیا میں برداشت اور رواداری والے 5 اہم ترین ممالک میں آئرلینڈ بھی شامل ہے۔ یہاں تارکینِ وطن کے لیے سہولت موجود ہے اور اس معیار سے یہ چوتھے نمبر پر ہے لیکن مجموعی طور پر انڈیکس میں آئرلینڈ کو 10واں نمبر حاصل ہے۔

دنیا کی سپر پاور امریکا ابتدائی 10 ممالک میں جگہ نہیں بنا سکا اورخوشحالی کی فہرست میں امریکا گیارہویں نمبر پر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔