9ویں وکٹ؛ مصباح اور وہاب کے درمیان تیسری بڑی شراکت

اسپورٹس ڈیسک  پير 25 جولائی 2016
مصباح الحق اور وہاب ریاض نے نویں وکٹ کیلیے 60رنز جوڑے۔ فوٹو: اے ایف پی

مصباح الحق اور وہاب ریاض نے نویں وکٹ کیلیے 60رنز جوڑے۔ فوٹو: اے ایف پی

مانچسٹر:  انگلینڈ نے پاکستان کیخلاف اپنی تاریخ کی دوسری بڑی برتری حاصل کرنے کے باوجود فالوآن نہ کرانے کا فیصلہ کیا، مصباح الحق اور وہاب ریاض نے نویں وکٹ کیلیے تیسری بڑی شراکت قائم کی۔

تفصیلات کے مطابق اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کیخلاف پہلی اننگز میں اپنی تاریخ کی دوسری بڑی برتری حاصل کی ہے، مہمان ٹیم 391 رنز کے خسارے میں آئوٹ ہوگئی،اس سے قبل انگلینڈ نے ٹرینٹ برج میں401کی سبقت پائی تھی،حیرت کے بات ہے کہ پہلی اننگز میں واضح برتری کے باوجود الیسٹرکک نے پاکستان ٹیم کو فالوآن کرانے کے بجائے خود بیٹنگ کو ترجیح دی، اس سے قبل انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کیخلاف 1990میں 563اور 1928میں آسٹریلیا کے مقابل 399رنز کی سبقت ہونے کے باوجود حریف کو دوبارہ بیٹنگ کیلیے نہیں کہا تھا۔

مصباح الحق اور وہاب ریاض نے نویں وکٹ کیلیے تیسری بڑی شراکت قائم کی،دونوں نے بحرانی صورتحال میں 60رنز جوڑے، اس سے قبل آصف اقبال اور انتخاب عالم نے 1967 میں 190رنز کی ساجھے داری نبھائی تھی،سلیم ملک اور مشتاق احمد نے مل کر 64رنز بنائے تھے۔وہاب ریاض نے انگلینڈ کیخلاف کسی بھی نمبر 10بیٹسمین کی جانب سے چوتھا بڑا اسکور کیا ہے۔

انھوں نے 39رنز بنائے، سرفراز نواز نے لاہور ٹیسٹ 1984میں 90کی اننگز کھیلی تھی، انھوں نے 1974میں کھیلے گئے لیڈز ٹیسٹ میں بھی 53رنز بنائے تھے،انتخاب عالم نے اوول ٹیسٹ 1967میں 51رنز بنائے تھے۔مصباح الحق نے گذشتہ 10اننگز میں 7مرتبہ 50یا اس سے زیادہ رنز بنائے ہیں، ان میں 2سنچریاں اور5 ففٹیزشامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔