ڈیولپرزوبلڈرزسے ٹیکس وصولی کیلیے نئے نظام کے رولز جاری

ارشاد انصاری  جمعرات 25 اگست 2016
بلڈنگ ولینڈڈیولپمنٹ پلانزکی منظوری کیلیے5فیصدایڈوانس ٹیکس دیناہوگا،نوٹیفکیشن    فوٹو: فائل

بلڈنگ ولینڈڈیولپمنٹ پلانزکی منظوری کیلیے5فیصدایڈوانس ٹیکس دیناہوگا،نوٹیفکیشن فوٹو: فائل

 اسلام آباد:  فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے وفاقی بجٹ میں لینڈ ڈیولپرز و بلڈرزسے ٹیکس وصولی کے لیے اعلان کردہ نئے نظام کے اطلاق کے لیے رولز جاری کر دیے ہیں۔گزشتہ روز جاری کردہ نوٹیفکیشن نمبر 787(I)/2016کے ذریعے انکم ٹیکس رولز میں ترامیم کی گئی ہیں۔

ترمیمی نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی و صوبائی مجاز اتھارٹی کو بلڈرز اور ڈیولپرز کے لینڈ ڈیولپمنٹ پلان اور بلڈنگ کنسٹرکشن پلان کی منظوری دینے سے قبل5 فیصد ایڈوانس ٹیکس کٹوتی کو یقینی بنانا ہوگا، اس کے لیے بلڈرز اور ڈیولپرز کو تعمیر شدہ عمارتوں، مکانات و فلیٹس کی فروخت کا این او سی یا زمین کی ڈیولپمنٹ کی منظوری کے لیے جمع کرائے جانے والے 5فیصد ایڈوانس ٹیکس کی کاپی لازمی فراہم کرنا ہوگی ورنہ لینڈ ڈیولپمنٹ پلان منظور ہوگا نہ این او سی جاری ہوسکے گا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیاکہ بلڈرز کو ایڈوانس ٹیکس کی 4مساوی اقساط میں ادائیگی کی سہولت دی گئی ہے جس کے لیے بلڈرز کو متعلقہ چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو کو تمام کوائف کے ساتھ آن لائن درخواست دینا ہو گی، درخواست دینے کے بعد15دن کے اندر اندر متعلقہ چیف کمشنر بلڈرز کو آن لائن 4 مساوی اقساط کا شیڈول دے گا، سی ای اوبلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، ایگزیکٹو آف کنٹومنٹس، ایگزیکٹو آفیسر میونسپل کارپوریشنز و میونسپل کمیٹی، دی سی اوزودیگر متعلقہ مجاز اتھارٹیز کو منظور کردہ لینڈ ڈیولپمنٹ و بلڈنگ کنسٹرکشن پلانز اور این او سیز کے متعلق سہ ماہی بنیادوں پر متعلقہ چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو کو تفصیلات فراہم کرنا ہونگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔