پاکستانی ویمنز شکستوں کے شکنجے سے نہ نکل سکیں

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 20 نومبر 2016
ایمی سیٹرویتھ کیلیے مسلسل تین سنچریاں بنانے والی پہلی خاتون کرکٹر کا اعزاز۔ فوٹو: فائل

ایمی سیٹرویتھ کیلیے مسلسل تین سنچریاں بنانے والی پہلی خاتون کرکٹر کا اعزاز۔ فوٹو: فائل

نیلسن: پاکستانی ویمنز شکستوں کے شکنجے سے نہ نکل سکیں،نیوزی لینڈ نے پانچویں ون ڈے میں بھی5 وکٹ سے فتحیاب ہوکرسیریز5-0 سے اپنے نام کرلی، عائشہ ظفر اور جویریہ خان کی نصف سنچریاں ٹیم کو فتح دلانے میں مددگار نہیں بن سکیں، ایمی سیٹر ویتھ نے ون ڈے میں لگاتار تین سنچریاں داغنے والی پہلی خاتون کرکٹر کا اعزاز حاصل کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق گرین شرٹس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی، اوپنرز عائشہ ظفر اور ناہیدہ خان نے ٹیم کو ابتدائی 20 اوورز میں 84رنز کا آغاز فراہم کیا، عائشہ نے 8چوکوں کی مدد سے 68 گیندوں پر 50رنز اسکور کیے، ناہیدہ خان نے 31رنز بنانے کیلیے 59 گیندیں استعمال کیں، جویریہ خان بھی 68 گیندوں پر 50 رنز بٹورنے میں کامیاب رہیں، بسمہٰ معروف نے میدان بدر ہونے سے قبل 22رنز بنائے، ندا ڈار15، سدرہ نواز 13 اور اسماویہ اقبال 10رنز بناکر نمایاں رہیں۔

پاکستان ٹیم ایک مرحلے پر 2وکٹ پر 157 رنز کے ساتھ مضبوط پوزیشن میں تھی لیکن پھر یکدم 49.5 اوورز میں 220 تک محدود ہوگئی، میڈیم پیسر تامسین نیوٹاؤن نے کیریئر بیسٹ بولنگ کرتے ہوئے 31 رنز کے عوض 5 شکار کیے، 16 سالہ لیگ اسپنر امیلیا کیر نے 42 رنز کے عوض4 وکٹیں لیں، کیویز نے ہدف 38.3 اوورز میں 5 وکٹ گنواکر حاصل کرلیا، ایمی سیٹرویتھ نے 99 گیندوں پر 123رنز اسکور کیے، انھوں نے 18 چوکے جڑے، وہ ون ڈے انٹرنیشنل میں لگاتار تین سنچریاں داغنے والی پہلی بیٹسویمن بن گئیں۔

ایمی نے سام کرٹس (9) کے ہمراہ پہلی وکٹ کیلیے 73رنز جوڑے،اس کے بعد کیٹی پارکنز (23)کے ساتھ چوتھی وکٹ کیلیے 53 رنز کی شراکت بھی بنائی،ان کے پویلین رخصت ہونے پر ٹیم فتح سے 35 رنز کی دوری پر تھی جو باآسانی حاصل ہو گئے ،نیوٹاؤن19 اورکیٹی مارٹن 8 پر ناٹ آؤٹ رہیں، سعدیہ یوسف نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 49رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو واپسی کے پروانے تھمائے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔