شاہ چارلس کا پارلیمنٹ سے اولین خطاب میں ملکہ کے نقش قدم پر چلنے کا عزم

ویب ڈیسک  پير 12 ستمبر 2022
شاہ چارلس نے ملکہ کو خراج تحسین پیش کیا، فوٹو: رائٹرز

شاہ چارلس نے ملکہ کو خراج تحسین پیش کیا، فوٹو: رائٹرز

 لندن: برطانیہ کے شاہ چارلس سوم نے پارلیمنٹ سے اپنے اولین خطاب میں آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم کے نقش قدم پر چلنے کے عزم کا اظہار کیا۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کے نئے بادشاہ چارلس سوم نے پارلیمنٹ کو ملکی جمہوریت کو زندگی اور سانس لینے کا آلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملکہ برطانیہ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا۔

73 سالہ شاہ چارلس نے اپنی والدہ آنجہانی الزبتھ دوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہت چھوٹی عمر سے ملکہ الزبتھ نے اپنے ملک اور لوگوں کی خدمت کرنے اور آئینی حکومت کے قیمتی اصولوں کو برقرار رکھنے کی بھاری ذمہ داری اُٹھائی اور اسے احسن طریقے سے نبھایا۔

قبل ازیں بادشاہ چارلس سوم لندن کے ویسٹ منسٹر ہال میں خطاب کے لیے اپنی اہلیہ کیملا کے ساتھ پہنچے۔ پارلیمنٹ سے میں خطاب الزبتھ دوم کی آخری رسومات سے قبل کی مصروفیات کا حصہ ہیں۔

خطاب کے بعد، نئے بادشاہ ایڈنبرا کے لیے اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ ایک شاندار جلوس میں شامل ہونے کے لیے روانہ ہوئے جب کہ ملکہ الزبتھ کے تابوت کو شہر کے تاریخی کیتھیڈرل میں لے جایا گیا۔

اس کے بعد شاہ چارلس اسکاٹ لینڈ کے دارالحکومت کے صدیوں پرانے رائل مائل پر واقع سینٹ جائلز کیتھیڈرل میں شمع روشن کرنے کی ایک تقریب میں حصہ لیں گے جہاں منگل کو لندن روانہ ہونے سے قبل تابوت کو آرام سے رکھا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔