کراچی اسٹاک مارکیٹ میں مزید 73 پوائنٹس کی ریکوری

بزنس رپورٹر  ہفتہ 25 اکتوبر 2014
 مجموعی طور پر19 کروڑ17 لاکھ حصص کے سودے ہوئے۔ فوٹو: آن لائن/فائل

مجموعی طور پر19 کروڑ17 لاکھ حصص کے سودے ہوئے۔ فوٹو: آن لائن/فائل

کراچی: آئل اسٹاکس میں ریکوری، رزلٹ ریلی اور سیاسی افق پر فضا بہتر ہونے کی وجہ سے کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو بھی تیزی کا تسلسل قائم رہا تاہم بی اے ٹی آئی انڈیکس میں83.63 پوائنٹس کی کمی کی وجہ سے سرمایہ کاروں کے8 ارب78 کروڑ13 لاکھ57 ہزار423 روپے ڈوب گئے۔

ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں، میوچل فنڈز اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر58 لاکھ45 ہزار821 ڈالر کی تازہ سرمایہ کاری کی جبکہ غیرملکیوں نے40 لاکھ17 ہزار355 ڈالر، این بی ایف سیز4 لاکھ 30 ہزار 534 ڈالراور انفرادی سرمایہ کاروں نے 13 لاکھ97 ہزار 931 ڈالرنکال لیے۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس73.36 پوائنٹس کے اضافے سے 30098.49 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 91.21 پوائنٹس کے اضافے سے 19977.30 اور کے ایم آئی30 انڈیکس411.97 پوائنٹس کے اضافے سے 48246.10 ہوگیا، کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 0.24 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر19 کروڑ17 لاکھ حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار388 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 168 کے بھائو میں اضافہ، 198 کے دام میں کمی اور22 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔