اینٹی بائیوٹک دوائیں زیادہ کھانے سے جراثیم کی مزاحمت بڑھ گئی؛عالمی ادارہ صحت

طفیل احمد  جمعرات 19 نومبر 2015
غیرضروری اینٹی بائیوٹک دوائیں کھانے سے مضراثرات سامنے آرہے ہیں،میڈیکل اسٹورزمریضوں کوخوداینٹی بائیوٹک دوائیں تجویز کررہے ہیں فوٹو : فائل

غیرضروری اینٹی بائیوٹک دوائیں کھانے سے مضراثرات سامنے آرہے ہیں،میڈیکل اسٹورزمریضوں کوخوداینٹی بائیوٹک دوائیں تجویز کررہے ہیں فوٹو : فائل

 کراچی: عالمی ادارہ صحت نے اینٹی بائیوٹک دواؤں کے ازخود غیر ضروری استعمال کو انتہائی مہلک قرار دیا ہے، ازخود غیرضروری اینٹی بائیوٹک دوائیں استعمال کرنے والے افراد میں دواؤں کے خلاف جراثیم اور بیماریوں نے قوت مزاحمت بڑھالی ہے۔

اینٹی بائیوٹک دوائیں مستند ڈاکٹروں کے نسخے کے بغیر فروخت نہیں کی جائیں، تندرست افراد مریضوں کی عیادت کے بعد ہاتھ اچھی طرح سے دھوئیں، پاکستان سمیت ترقی پذیرممالک میں اینٹی بائیوٹک دواؤں کاازخود اورغیروری استعمال بڑھ گیا ہے، عالمی ادارہ صحت نے دنیا بھر میں پہلی بار منائے جانے والے ہفتہ اینٹی بائیوٹک ادویات میں ان دواؤں سے متعلق آگہی کی رپورٹ جاری کی ہے ، رپورٹ میں عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ اینٹی بائیوٹک ادویات کو مقررہ مدت سے زائد استعمال کرنا مہلک ہوتا ہے۔

وہ مریض جو اینٹی بائیوٹک دوائیں استعمال کررہے ہیں اپنی دواکے استعمال کے حوالے سے دوسرے مریضوں کو استعمال کرنے کا مشورہ نہ دیں ایک مریض کو اینٹی بائیوٹک دوا فائدہ جبکہ دوسرے مریض کو نقصان پہنچاسکتی ہے، امراض سے محفوظ رہنے کیلیے شہری ہاتھ دھونے کی عادت اپنائیں، ہاتھ دھونے سے ہاتھوں میں لگے جراثیم ختم ہوجاتے ہیں۔

ماہر ادویات پروفیسر زمان شیخ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں70فیصد اینٹی بائیوٹک دوائیں استعمال کی جارہی ہیں افسوس اس بات پر ہوتا ہے کہ بیشتر میڈیکل اسٹور مستند ڈاکٹروں کے نسخوں کے بغیر اینٹی بائیوٹک دوائیں فروخت کررہے ہیں بیشتر میڈیکل اسٹورز مریضوں کو اپنی مرضی سے اینٹی بائیوٹک دوائیں تجویز کرکے دے رہے ہیں جو ڈرگ ایکٹ کے تحت جرم ہے۔

پاکستان میں ازخود اینٹی بائیوٹک دواؤں کے استعمال سے جراثیموں نے دواؤں کے خلاف مزاحمت اختیار کرلی ہے جس کے بعد مذکورہ دوائیں مرض پر اثر انداز نہیں ہوپارہی، اینٹی بائیوٹک دواؤں کا کورس مکمل کیا جانا لازمی ہے ادھورے کورس سے مرض اپنی جگہ برقرار رہتا ہے اور مریضوںکودوبارہ اینٹی بائیوٹک دوائیں کھانا پڑتی ہیں۔

بار بار اور ازخود استعمال سے مذکورہ اینٹی بائیوٹک دوائیں پھر امراض پر اثرانداز نہیں ہوتیں ، عالمی ادارہ صحت کا پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہفتہ اینٹی بائیوٹک دوائیں منانے کا مقصد عوام میں آگہی پیدا کرنا ہے کہ اینٹی بائیوٹک دوائیں ازخود استعمال کرنے سے گریز کیا جائے کیونکہ اس سے مہلک اثرات مرتب ہورہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔