کپل شرما کا سنیل گروورکو جوتے سے مارنے کا انکشاف

ویب ڈیسک  جمعـء 24 مارچ 2017
سنیل نے کپل کو سمجھانے کی کوشش کی جس پر کپل آپے سے باہر ہوگئے اور انہیں پیٹنا شروع کردیا، فوٹو؛ فائل

سنیل نے کپل کو سمجھانے کی کوشش کی جس پر کپل آپے سے باہر ہوگئے اور انہیں پیٹنا شروع کردیا، فوٹو؛ فائل

ممبئی: معروف کامیڈین کپل شرما کی جانب سے ساتھی اداکار سنیل گروور کو دوران پرواز جوتا اورتھپڑمارے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

بھارتی کامیڈین کپل شرما کی ساتھی اداکاروں سے آسٹریلیا سے واپسی پر دوران پرواز لڑائی نے تنازعہ کھڑا کردیا ہے اور معروف کامیڈی شو بھی اسی تنازعے کے باعث خاتمے کے قریب پہنچ گیا ہے لیکن اب دوران پرواز لڑائی کی وجوہات سامنے آنے لگی ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں:کپل شرما دوران پروازساتھی اداکار سنیل گروور سے لڑ پڑے

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی سے ممبئی آنے والی پرواز کے مسافر نے بتایا کہ کپل شرما شراب کے نشے میں دھت تھے اور جہاز کے عملے سے مسلسل شراب لانے کا کہہ رہے تھے جب کہ اس دوران عملے نے کپل شرما شو کی ٹیم کو کھانا دیا جس پر کپل آپے سے باہر ہوگئے اورساتھی اداکاروں پر چلانا شروع کردیا کہ میں نے کھانا شروع نہیں کیا تو تم سب نے کیسے شروع کردیا جس پر ساتھی اداکاروں نے سہم کر کھانا عملے کو واپس کردیا۔

عینی شاہد کے مطابق کھانا واپس کرنے کے بعد سنیل گروورنے کپل شرما کو سمجھانے کی کوشش کی جس پر کپل طیش میں آگئے اور سنیل کو جوتا اتار کر پیٹنا شروع کردیا جب کہ کپل نے یہیں بس نہیں کی بلکہ سنیل کا گریبان پکڑ کر تھپڑ رسید کیے اور ساتھ ساتھ چلائے کہ سب کا کیرئیر میں نے بنایا ہے اور میں ہی ختم کروں گا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں:سنیل گروور نے ’’دی کپل شرما شو‘‘ چھوڑ دیا

دوسری جانب کامیڈی شو’’دی کپل شرما شو‘‘ کے ٹیم ممبر نے بھی دوران پرواز پیش آنے والے واقعے کی تصدیق کردی ہے اور سنیل گروور کے ساتھ نارواسلوک پر احتجاج کرتے ہوئے علی اصغر اور چندن نے شو کا بائیکاٹ کردیا ہے جس کے بعد ٹیم مینجمنٹ کو 3 اہم ارکان کے بغیر شو کی شوٹنگ کرنا پڑی ہے۔

واضح رہے کہ اداکار سنیل گروور کامیڈی شو’’دی کپل شرما شو‘‘ کا اہم حصہ ہیں اور شو میں ڈاکٹر مشہور گلاٹی اور رنکو بھابھی کے کردار میں نظر آتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔