احمد شہزاد کا کھویا ہوا اعتماد واپس آنے لگا، برق رفتار ففٹی بنا ڈالی

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 19 نومبر 2017
قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں لاہور بلوز نے پشاور کو تین رنز سے ہرا دیا۔ فوٹو: پی سی بی

قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں لاہور بلوز نے پشاور کو تین رنز سے ہرا دیا۔ فوٹو: پی سی بی

لاہور: احمد شہزاد نے قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں لاہور بلوز کے اوپنر نے پشاور کیخلاف برق رفتار نصف سنچری بنا ڈالی۔

راولپنڈی میں منعقدہ پہلے میچ میں ٹاس جیت کر پشاور نے بولنگ کا فیصلہ کیا، لاہور بلوز کے احمد شہزاد نے بولرز کا کڑا امتحان لیا، انھوں نے عمران خان کے دوسرے اوور میں 26 رنز بٹورے، اوپنر 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 22 گیندوں پر 50 رنز بنا کر پویلین واپس گئے، اس دوران صرف 12 رنز بنانے والے امام الحق مزید 7 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تو مجموعہ 81 تھا، محمد حفیظ نے 30 کی اننگز کھیلی، حسین طلعت 37 اور سعد نسیم 6 رنز بنانے کے بعد ایک ہی اوور میں آؤٹ ہوئے، آغا سلمان نے آخری گیند پر وکٹ گنوانے سے قبل 18 رنز بنائے، لاہور بلوز نے 6 وکٹ پر 173 کا مجموعہ حاصل کیا جب کہ وقاص مقصود 3، کاشف بھٹی 2 اور سہیل خان ایک شکار کرنے میں کامیاب ہوئے۔

جواب میں پشاور کے اسرارللہ نے بھی جارحانہ آغاز کرتے ہوئے صرف 10گیندوں پر 26 رنز بٹور لیے، ان کی رخصتی کے بعد بسم اللہ خان (1) رن آؤٹ ہوگئے، رفعت اللہ مہمند نے تسلسل کے ساتھ باؤنڈریز حاصل کیں تاہم سیف بدر (5) ساتھ چھوڑ گئے، رفعت اللہ 25 گیندوں پر 40 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے تو نوید یاسین کا ساتھ دینے کیلیے مصدق احمد آئے لیکن ان کی اننگز کا احمد شہزاد کے شاندار کیچ نے 14 پر اختتام کیا تو وکٹوں کی لائن لگ گئی، زوہیب احمد 1، سہیل خان 3 اور کاشف بھٹی 6 رنز بناسکے، آخری اوور میں فتح کیلیے 7 رنز درکار تھے کہ نوید یاسین کا سنگل لینا ٹیم کیلیے نقصان دہ  ثابت ہوا، چوتھی گیند پر وقاص مقصود (8) اور پانچویں پر عمران خان (0) چلتے بنے، پشاور جیتی بازی  3 رنز سے ہار گیا، نوید یاسین 44 گیندوں پر 62 رنز بنانے کے باوجود منہ دیکھتے رہ گئے جب کہ اعزاز چیمہ اور علی شفیق نے 3، 3 اور آغا سلمان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

دوسرے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے والی فیصل آبادکے گوہر علی (9) رنز بنا پائے، صہیب مقصود نے 22 گیندوں پر 38 رنز کی اچھی اننگز کھیلی، صاحبزادہ فرحان (43) کے بعد آصف علی جارحانہ 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اسی اوور میں فہیم اشرف کھاتہ کھولے بغیر رخصت ہوگئے، خرم شہزاد نے 17 گیندوں پر 37 رنز بٹورتے ہوئے بہتر ٹوٹل کی راہ ہموار کردی، آخری اوور میں یاسر شاہ (1) بھی میدان بدر ہوئے، عمران خالد 12پر ناٹ آؤٹ رہے، ٹیم نے 7 وکٹ پر 170 رنز بنائے، عادل امین 4، محمد عرفان 2 اور عمر گل ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

جواب میں اسلام آباد نے نعمان انور (9) کی وکٹ پہلے ہی اوور میں گنوا دی، شان مسعود 22 گیندوں پر 32 کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا ٹوٹل 8 ویں اوور میں 74 تھا، عادل امین نے 27 گیندوں پر 35 رنز بنائے، زوہیب احمد صرف 5 تک محدود رہے، سرمد بھٹی (18) کے بعد محمد نقاش (2) رن آؤٹ ہوئے، آخری اوور میں 8 رنز درکار تھے، تاج ولی کی پہلی گیند پر عمرگل (1) آؤٹ ہوگئے، رضا حسن نے سنگل بنایا، سعد علی نے چوکا لگا کر اپنا اسکور 52 تک پہنچایا لیکن اگلی گیند پر وکٹ محفوظ نہ رکھ سکے، محمد عرفان نے ڈبل کے بعد سنگل کے ساتھ آخری گیند پر اسلام آباد کو 2 وکٹ سے فتح دلادی، تاج ولی نے 3 اور یاسر شاہ نے2 وکٹیں لیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔