عمران خان نااہلی کیس فیصلہ حنیف عباسی کا نظر ثانی اپیل دائر کرنے کا اعلان

علیم خان عمران خان کی دوسری اے ٹی ایم ہیں، انہیں بھی ساتھ ہی نااہل قرار دلائیں گے، رہنما مسلم لیگ (ن)

چیئرمین تحریک انصاف کو نااہل قرار دلانے کے لیے دوبارہ سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے، رہنما مسلم لیگ (ن) فوٹو : فائل

مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے عمران خان نااہلی کیس کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں نظر ثانی کی اپیل دائر کرنے کا اعلان کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان کو نااہل قرار دلانے کے لیے دوبارہ سپریم کورٹ جائیں گے مجھے امید ہے کہ عمران خان نظر ثانی اپیل میں نااہل ہوں ہوجائیں گے۔

یہ پڑھیں: عمران خان نااہلی سے بچ گئے، سپریم کورٹ کا فیصلہ آگیا


حنیف عباسی نے عمران خان کے ساتھ تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عمران خان کی ایک اے ٹی ایم نااہل ہوگئی تاہم علیم خان عمران خان کی دوسری اے ٹی ایم ہیں جن پر سپریم کورٹ میں مقدمات چل رہے ہیں اور علیم خان اس وقت لوگوں کے اربوں روپے کے نادہندہ ہیں، عمران خان کے ساتھ انہیں بھی نااہل قرار دلانے کی کوشش کریں گے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما علیم خان نے رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات فروشی کی سزا آئین پاکستان میں پھانسی ہے کیا وقت آگیا ہے کہ منشیات فروش دوسروں کو کریکٹر سر ٹیفکیٹ دے رہے ہیں، حنیف عباسی اپنا بندوبست کریں، جنگلہ بس،اورنج لائن ٹرین اور دیگر منصوبوں کا بھی حساب ہوگا حنیف عباسی بے صبرے نہ بنیں۔

تحریک انصاف کے رہنما علیم خان نے مزید کہا کہ حنیف عباسی اپنے زخم چاٹ رہے ہیں، عمران خان کیس میں ان کی تسلی نہیں ہوئی، ایفی ڈرین عباسی کو دوبارہ منہ کی کھانا پڑے گی۔
Load Next Story