ٹیکس چوری 319 تاجروں کی وی بوک یوزرآئی ڈیزبلاک

135درآمدکنندگان اور184ایکسپورٹرز شامل،تعلق ٹیکسٹائل ودیگرشعبوں سے ہے، ذرائع.

135درآمدکنندگان اور184ایکسپورٹرز شامل،تعلق ٹیکسٹائل ودیگرشعبوں سے ہے،ذرائع۔ فوٹو: فائل

محکمہ کسٹمزنے کروڑوں روپے مالیت کی ٹیکس چوری اورجعل سازی میں ملوث 319 درآمدوبرآمدکنندگان کی ''وی بوک'' آئی ڈی بلاک کردی ہیں۔

ذرائع نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ جن درآمدکنندگان و برآمدکنندگان کی وی بوک آئی ڈیز بلاک کی گئی ہیں ان کا تعلق شعبہ ٹیکسٹائل، لیدر، گارمنٹس، پلاسٹک کے علاوہ دیگر صنعتی شعبوں سے ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ 319 درآمدوبرآمدکنندگان کی ٹیکس چوری اور جعلی سازیوں کی وجہ سے ریونیو کی مد میں قومی خزانے کوکروڑوں روپے مالیت کا نقصان پہنچا ہے جس کے باعث محکمہ کسٹمزنے واجبات کی وصولی کے لیے135 درآمدکنندگان اور184برآمدکنندگان کی یوزرآئی ڈی بندکردی ہے۔


ذرائع نے بتایاکہ وسیع پیمانے پر ٹیکس چوری وجعلسازی کا انکشاف ڈائریکٹریٹ جنرل آف کسٹمزانٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن ایف بی آراسلام آبادکی جانب سے کی جانے والی جانچ پڑتال کے عمل کے دوران ہوا، جانچ پڑتال کے دوران انکشاف ہواکہ 60سے زائد درآمدکنندگان نے صنعتوں کے نام پر جنوری 2012 سے اب تک لاتعداد کنسائنمنٹس کی درآمدپر ایس آر او 1125 کے تحت کروڑوں روپے مالیت کی سیلزٹیکس میں رعایت حاصل کرکے مطلوبہ ریونیوکی چوری کی۔



جبکہ بیشتردیگر درآمدکنندگان نے جعل سازی کے ذریعے پاکستان کسٹمز ایکٹ کی شق 81کا ناجائزفائدہ اٹھاتے ہوئے درآمدکیے جانے والے کنسائنمنٹس پرویلیوایشن کا تنازع بناکر محکمہ کسٹمزمیں جوپوسٹ ڈیٹیڈ چیکس جمع کرائے ان کی کلیئرنس نہیں ہوسکی۔ ذرائع نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران اس بات کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ برآمدکنندگان کی جانب سے جعلی بینک گارنٹی پر کروڑوں روپے مالیت کے جعلی'' ری بیٹ'' کلیم داخل کر کے ریفنڈز حاصل کیے گئے جس کے باعث محکمہ کسٹمزنے انتہائی اقدام اٹھاتے ہوئے مذکورہ درآمدوبرآمدکنندگان کی ''یوزرآئی ڈی''بندکردی۔
Load Next Story